اسلام آباد(مہتاب حیدر)تمباکو کی چھانٹی پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کے خاتمے کیلئےایف بی آر کو سیاسی دبائوکا سامنا ہے۔ترجمان ایف بی آر کا کہنا ہے کہ کاشت کاروں پر سے 3سوروپے فی کلو کے حساب سے ایف ای ڈی خاتمے کا فیصلہ آئندہ ہفتےہو گا۔تفصیلات کے مطابق،گرین لیف تھریشنگ پلانٹس(جی ایل ٹی)میں ہرے تمباکو کی چھانٹی پر 3سو روپے فی کلو کے حساب سےقابل تطبیق فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی (ایف ای ڈی)کے حوالے سے ایف بی آر کو سیاسی اشرافیہ کی جانب سے دبائو کا سامنا ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے بدھ کے روز بجٹ2019-20میں تمباکو کے کاشت کاروں کو ریلیف فراہم کرنے کی تجویز کے حوالے سے اجلاس طلب کیا ، جس میں خیبر پختون خوا سے تعلق رکھنے والے ارکان پارلیمنٹ اور دو صوبائی وزرا نے بھی شرکت کی۔اجلاس میں ایف بی آر کے اعلیٰ افسرا ن سے کہا گیا کہ وہ تمباکو کے کاشت کاروں پر سے 3سو روپے فی کلو کی فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی ختم کریں کیوں کہ اس سے انہیں نقصان پہنچ رہا ہے۔تاہم، ایف بی آر کے اعلیٰ افسران کا کہنا تھا کہ تمباکو کی پیداوار 7کروڑ ٹن ہے اور ظاہری شعبے کو تقریبا4کروڑ30لاکھ ٹن ملتا ہے تو باقی ماندہ تمباکو کہاں جاتا ہے۔