برمنگھم (نمائندہ جنگ) سابق صدر و شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے ہمیشہ نیب میں جاری اپنے مقدمات کا سامنا کیا۔ متعدد پیشیاں بھگتیں اور اب بجٹ اجلاس سے قبل ان کی گرفتاری سمجھ سے بالاتر ہے۔ حکومت نے مہنگائی، بے روزگاری سے تنگ آئے عوام کے احتجاج سے بچنے کیلئے اپوزیشن رہنمائوں، شریک چیئرمین آصف علی زرداری کو گرفتار کرکے بجٹ میں نئے ٹیکس لگانے کی آڑ میں توجہ ہٹانے کیلئے سارا ڈرامہ رچایا، مگر پاکستان کے باشعور عوام سب کچھ جانتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلزپارٹی برمنگھم شعبہ خواتین کی صدر فریحہ فواد نے جنگ سے گفتگو میں کیا۔ فریحہ فواد نے مزید کہا کہ ماضی گواہ ہے کہ پی پی کے شریک چیئرمین و سابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے ہمیشہ عدالتوں کا احترام کیا۔ گیارہ سال جیل کاٹی، جھوٹے مقدمات میں پھنسایا گیا، مرضی کا بیان لینے اور وعدہ معاف گواہ بنانے کیلئے انکی زبان کاٹنے کی کوشش کی گئی۔ لیکن مرد حر آصف علی زرداری کے پایہ استقلال میں کوئی لرزش نہ آئی۔ اور اب بھی حکومت کو ناکامی دیکھنا ہوگی۔ نیب اگر آزاد و خودمختار ادارہ ہے تو وزیراعظم عمران خان کو ہیلی کاپٹر کیس میں استعفیٰ لیکر گرفتار کرے۔ وزیراعظم کی بہن علیمہ خان کو گرفتار کرے لیکن ایسا ہرگز نہ ہوگا۔ فریحہ فواد نے کہا کہ ہم اس گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور ہر فورم پر اپنے پارٹی قائدین کے ہمراہ صدائے احتجاج بلند کرتے رہیں گے۔