• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

4 پولیس اہلکاروں کے وارنٹ گرفتاری، ایس ایچ او گلگشت سے جواب طلب

ملتان (سٹاف رپورٹر)سیشن عدالت نے عدالتی حکم عدولی پر 4 پولیس اہلکاروں کے بلاضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے پیش کرنے کا حکم دیا ہے، فاضل عدالت نے تھانہ ممتاز آباد کے سب انسپکٹروں طارق حسین ،ملازم حسین، ٹرینی اے ایس آئی فیاض حسین اور ہیڈ کانسٹیبل آصف اقبال کو گرفتار کر کے 19 جون کو پیش کرنے کا حکم دیا ہے، فاضل عدالت نے پسند کی شادی کرنے والی خاتون کو ہراساں و پریشان کرنے کی درخواست پر ایس ایچ او تھانہ گلگشت سے آج 15 جون کو جواب طلب کرلیا ہے،عدالت میں ملتان کی مصباح شیرازی نے درخواست دائر کی تھی ، سیشن عدالت نے اغواء و زیادتی کے ملزم غلام عباس کی عبوری ضمانت میں تھانہ بدھلہ سنت پولیس سے 21جون کو ریکارڈ طلب کر لیا ہے،سیشن کورٹ نے منشیات کے ملزم فلک شیرکو جرم ثابت ہونے پر ایک سال قید 20ہزار روپے جرمانہ ادا کرنے اور عدم ادائیگی جرمانہ کی صورت میں مزید ایک ماہ جیل قید کاٹنے کی سزا سنائی ہے، صارف عدالت نے شہری کا ائیر کنڈیشن ٹھیک نہ کرنے اور ہرجانہ ادا کرنے کی درخواست پر نجی کمپنی سے 18 جون کو جواب طلب کرلیا ہے، فاضل عدالت میں گراس منڈی کے رہائشی عدیل نے منیجنگ ڈائریکٹر نجی کمپنی کیخلاف2لاکھ 45ہزار نو سو روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا تھا، جوڈیشل مجسٹریٹ نے شراب برآمدگی کے مقدمے میں ملوث ملزم رضوان کو جرم ثابت ہونے پر ڈھائی ہزار روپے جرمانہ ادا کرنے کی سزا کاحکم دیاہے، بجلی چوری کے مقدمہ میں ملوث ملزم اللہُ ڈتہ کو ایک سال کیلئے پروبیشن پر بھجوانے کا حکم دیا ہے، ملتان کی پروین بی بی کی درخواست پر اسے دارالامان بھجوانے کا حکم دیا ہے۔
تازہ ترین