• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

 رمشہ طاہر

ساتھیو! پرانے زمانے میں کسی دانا و بینا شخص نے حکمت و ہدایت کی خاطر اس پھل کا تذکرہ کیا تھا کہ دنیا میں ایک عجیب و غریب "درخت" پایا جاتا ہےہے۔ جو شخص اس درخت کاپھل ایک مرتبہ کھا لے گا، ہمیشہ جوان و توانا رہے گا اور کبھی اس پر موت طاری نہ ہو گی۔ بادشاہ نے سنا تو اُس نے سوچا،اگر اس درخت کا پھل مجھےمل جائے تو کیا بات ہے،چنانچہ اپنے مشیروں اور وزیروں سے ذکر کیا۔ سب نے ہاں میں ہاں ملائی کہ ،’’جہاں پناہ اگر اس درخت کا پھل کھا لیں تو رعیت ہمیشہ آپ کے زیرِ سایہ آباد اور خوش و خرم رہے گی۔‘‘

غرض بادشاہ نے ایک ہوشیار مشیر کو اس درخت اور پھل کی تلاش میں روانہ کر دیا۔ وہ بے چارہ مہینوں جنگل جنگل، صحرا صحرا مارا مارا پھرتا رہا، لیکن گوہرِ مقصود ہاتھ نہ آیا۔ہر کسی نے یہی کہا ، کہ بھلا ایسا درخت اور پھل بھی ہوتا ہے کیا؟۔”کسی نے اچھا مشورہ دیا کہ، “میاں! کیوں در بدر خاک بسر ہوتے پھر رہے ہو؟ جدھر سے آئے ہو، ادھر کو لوٹ جاؤ۔‘‘

وہ شخص اسی طرح کی نت نئی باتیں سنتا اور اپنی ہنسی اڑواتا رہا۔ لیکن تھا دھن کا پکا، ارادے میں خم نہ آنے دیا اور برابر کوہ و دشت کی خاک چھانتا آگے بڑھتاگیا۔جب ایک برس بیت گیا، اْس علاقے کے گوشے گوشے، چپے چپے میں پھر چکا اور بقائے دوام کے شجر کا کہیں نشان نہ ملا۔ تب مایوس ہو کر اپنے وطن واپس لوٹنے لگا۔ اس قدر محنت اور تکلیف اکارت جانے سے رنج و غم کی کوئی انتہا نہ تھی۔ بدقسمتی پر آنسو بہاتا اور یہ سوچتا جا رہا تھا کہ بادشاہ کو کیا منہ دکھائے گا کہ، راستے میں کسی نے بتایا کہ اس علاقے میں ایک آدمی رہتاہے جو بہت دین دار ہے مشہور ہے۔ مشیر نے سوچا کہ اگر وہ اس شیخ عالی مرتبت کی خدمت میں حاضر ہو کر اپنی مشکل بیان کرے تو ممکن ہے مایوسی راحت میں بدل جائے۔ اُن کی صورت دیکھتے ہی اپنے آپ پر اختیار نہ رہا۔ ضبط کا دامن ہاتھ سے نکل گیا اور روتا ہوا ان کے قدموں میں جا گرا اس قدر آنسو بہائے کہ شیخ کے پاؤں بھگو دیے۔

شیخ نے اٹھا کر شفقت سے گلے لگایا اور پوچھا ’’کیا بات ہے؟، اس قدرپریشانی کا سبب کیا ہے؟، تفصیل سے بیان کرو‘‘۔

اس نے عرض کیا “حضرت! کیا کہوں، جس کام کے لیے اک برس پہلے وطن سے نکلا تھا، وہ کام نہیں ہوا۔ اب سوچتا ہوں، واپس جا کر بادشاہ کو کیا جواب دوں گا۔ اس کے عتاب کا نشانہ بننے کے سوا کوئی چارہ نہیں۔ آپ میرے حق میں اﷲ تعالیٰ سے دعا فرمائیں کہ وہ مجھ پر رحم کرے۔ بادشاہ کے حکم سے بقائے دوام کے شجر کی تلاش میں یہاں آیا تھا۔ کہتے ہیں اس درخت کا پھل کوئی کھا لے تو حیاتِ جاوداں مل جاتی ہے۔ میں کچھ ہاتھ نہ آیا، مہربانی فرما کر میری مشکل دور کر دیں‘‘۔

یہ سن کر شیخ ہنس پڑے اور کہا،’’سبحان اﷲ! بھائی تو نے بھی سادہ لوح کی حد کر دی ۔ ارے اتنا وقت خوامخواہ ضائع کیا۔پہلے ہی میرے پاس چلا آتا اور معلوم کر لیتا۔ اب گوشِ ہوش سے سن کہ وہ شجر”کتاب” ہے اور اْس سے حاصل ہونے والا پھل “علم” ہے۔ تو اور تیرا بادشاہ جہالت کی وجہ سے ظاہری پھل اور درخت کا دھوکہ کھا گئے، جبکہ یہ درخت اور پھل تو باطنی ہیں۔

تازہ ترین