• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شریفوں کی سزا یافتہ شہزادی اور زرداری کے ولی عہد کی ملاقات کا جمہوریت سے تعلق نہیں، حکومت

اسلام آباد(ایجنسیاں) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ سلطنت شریفیہ کی سزا یافتہ شہزادی اور سلطنت زرداریہ کے ولی عہد کے رائیونڈ محل میں اجتماع کا جمہوریت سے کوئی تعلق نہیں ہے‘ عوام اس حقیقت سے آگاہ ہیں کہ نسل در نسل سیاست اور وراثت کی منتقلی کا جو عمل دونوں جماعتوں نے شروع کیا تھا آج کی بیٹھک اس منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کی جانب پیشرفت ہے‘بی بی شہید کا جانشیں اپنے ابوکی کرپشن بچانے رائیونڈجاپہنچا‘ بینظیر بھٹو شہید کی روح آج یقیناً بے چین اور بے قرار ہوگی‘وفاقی وزیرفواد چوہدری کا کہنا تھاکہ غریبوں کے امیرلیڈرزنے فرانس کا پانی پی کر مہنگائی اورغریبوں کے حالات پر بات چیت کی‘وزیر اطلاعات پنجاب صمصام بخاری کے مطابق دونوں رہنماؤںنے یقینا کرپشن کے نئے طریقوں پر بات چیت کی ہے جبکہ فیاض الحسن چوہان کہتے ہیں کہ بیگم صفدر نے اپنے کرپشن بولے بھائی بلاول زرداری کو گھر کھانے پر بلایا جس میں مندرجہ ذیل کھانوں کا خصوصی اہتمام کیا گیا،چکن کِک بیک مصالحہ، مٹن منی لانڈرنگ ہانڈی، ملائی کمیشن بوٹی، اقربا پروری کڑاہی جبکہ سویٹ ڈِش فرنٹ مین گجریلا شہباز شریف کے فرنٹ مین مشتاق چینی سے تیار کروایا گیا ہے ۔ اتوار کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بینظیر بھٹو شہید کی روح آج یقیناً بے چین اور بے قرار ہوگی کیونکہ جس بی بی نے ہمیشہ تخت لاہور کو للکارا اور جن عناصر کی وجہ سے وہ اپنے کمسن جانشین کی انگلی پکڑے اپنے رفیق حیات سے ملنے جایا کرتی تھیں وہ آج ابو جان کی کرپشن بچانے کی خاطر رائیونڈ جا پہنچا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ بلاول زرداری اور مریم صفدر عدالت کو مطمئن کرنے کے لیے اپنے بھائیوں اور شریف خاندان کے دیگر افراد کو واپس لانے کا کوئی واضح ایجنڈا طے کریں گے اور قوم کو بھی آگاہ کریں گے ۔بعد ازاں نیشنل پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے معاون خصوصی کا کہناتھاکہ بلاول بھٹو اور مریم صفدر کی ملاقات پر بے نظیر بھٹو کی روح بے چین ہوگی، رائے ونڈ ہال میں سیون اسٹار سہولتوں سے محظوظ ہونے کے بعد ابو بچاؤ مہم کیلئے بیٹھک ہوئی، سزا یافتہ شہزادی کا آج کا بیان عمران خان کے ایجنڈے کی جیت ہے‘جو انکوائری کمیشن وزیراعظم بنانے جا رہے ہیں اس کی وجہ سے رائے ونڈ میں سینے کا درد کروٹے لے رہا ہے۔آج ایک سیاسی ٹولے کی سیاست کا انتقال ہوا ہے اس لئے وہ مل بیٹھ کر اثاثے بچانے کی حکمت عملی پر غور کر رہے تھے، کھانوں کی طویل فہرست اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ کس طرح عوامی مسائل پر بات ہو رہی تھی۔فادر ز ڈے پر دونوں بچوں نے اپنے اپنے ابو کو یاد کیا۔خواجہ آصف اور احسن اقبال کے کیسز کمیشن کو بھیجے جارہے ہیں جوں جوں کمیشن کے پاس یہ اختیارات آتے جائیں گے ان کی چیخیں بلند ہوتی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ مریم اورنگزیب راج کماری کی کنیز ہے‘کنیز خاص مریم اورنگزیب سرکاری ٹی وی کو تباہ کرکے چلی گئیں، مریم اورنگزیب کے نفسیاتی علاج کیلئے میں خود ہی کافی ہوں۔ عوام کے درد کا ذکر کرنے والے سونے کا چمچ منہ میں لیکر پیدا ہوئے‘چارٹر طیاروں اور منرل واٹر پینے والے عوام کے درد کی باتیں کررہے ہیں۔پیپلزپارٹی کی قیادت نابالغ شخص کے پاس ہے،نابالغ اپوزیشن کے پاس سوائے شور مچانے کے اور کچھ نہیں ہے۔ انہوںنے دونوں رہنماؤں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی تکلیف کا حکومت کو بخوبی احساس ہے، شہباز شریف کی ملاقات میں عدم موجودگی انتشار اور دھڑے بندے کو ظاہر کرتی ہے، حکومت اتحادیوں کیساتھ ملکر وفاقی بجٹ منظور کرالے گی‘فضل الرحمان پہلی بار سرکاری سہولتوں سے محروم ہوئے ہیں، سیاسی یتیموں کا ٹولہ ہاتھ ملتا رہ جائے گا، محل میں بیٹھ کر تیتر بٹیر کھاکر عوام کی ہمدردی کیسے کی جاسکتی ہے، انکوائری کمیشن کا درد رائیونڈ ملاقات میں کروٹیں لیتا نظر آیا‘حکومت کو ڈوبتی کشتی کے مسافروں سے کوئی خطرہ نہیں ہے‘ہم پاکستان کرکٹ ٹیم کی طرح ایسے نہیں کرسکتے جس طرح انہوں نے کیا کہ گیند روکنے والا کوئی نہیں تھا‘ جہاں یہ ہٹ کریں گے ہم ان کی باؤنڈریاں روکیںگے اور ان کی وکٹیں اڑائیں گے، ہم ان کیلئے میدان کھلا نہیں چھوڑیں گے۔ بلاول ،مریم ملاقات پروزیرسائنس وٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ غریبوں کے امیر لیڈرز پرائیویٹ جیٹ سے اتر کر کروڑوں روپے کی بلٹ پروف گاڑیوں میں بیٹھ کر اربوں روپے کی سلطنت میں پہنچے جہاں ڈیزائنر فرنیچر پر تشریف رکھتے ہی فرانس کے پانی سے تواضع کی گئی اور اس کے بعد سب نے مہنگائی اور غریبوں کے حالات پر گفتگو کی۔سابق صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے مریم نواز اور بلاول زرداری کی ملاقات پر طنزیہ پیغام جاری کرتے ہوئے ملاقات کے مینو کی فہرست جاری کردی،فیاض الحسن نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ بیگم صفدر نے اپنے کرپشن بولے بھائی بلاول زرداری کو گھر کھانے پر بلایا جس میں مندرجہ ذیل کھانوں کا خصوصی اہتمام کیا گیا،چکن کِک بیک مصالحہ، مٹن منی لانڈرنگ ہانڈی، ملائی کمیشن بوٹی، اقربا پروری کڑاہی جبکہ سویٹ ڈِش فرنٹ مین گجریلا شہباز شریف کے فرنٹ مین مشتاق چینی سے تیار کروایا گیا ہے۔وزیر اطلاعات پنجاب سید صمصام علی بخاری نے مریم نواز اور بلاول بھٹو کے ظہرانے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملاقات میں مریم بی بی اور بلاول بھٹو دونوں نے یقینا کرپشن کے نئے طریقوں پر بات کی‘دوطرفہ گفتگو میں چارٹر آف پروٹیکشن آف کرپشن پرمعاملات طے کیے گئے۔ سوال یہ ہے کہ دونوں ایک دوسرے خلاف پہلے غلط تھے یا آج غلط ہیں؟۔صمصام بخاری نے کہا کہ مقام حیرت ہے کہ تخت لاہور کے خلاف تقاریر کرنے والے وہیں ظہرانے میں مدعو ہیں۔ بلاول بھی میاں صاحبان کے بارے میں زرداری صاحب کے خطاب بھول گئے۔ممکن ہے دونوں 24 ہزار ارب کا قرض مل کر ادا کرنے کا اعلان کر دیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز لیگ اور پیپلزپارٹی کا اکٹھے ہونا اس صدی کا سب سے بڑا تضاد ہے۔دونوں میں منی لانڈرنگ اور کرپشن کی مشترکہ خصوصیات پائی جاتی ہیں ۔وزیراطلاعات خیبرپختونخوا شوکت یوسفزئی نے کہاہے کہ مریم نوازاور بلاول پاپا بچاؤ مہم کےلئے جدوجہد کر رہے ہیں‘ماضی میں ایک دوسرے کو چور کہنے والےاپنے مفاد کے لئے اکٹھے ہو گئے۔اتوارکو جاری بیان میں شوکت یوسفزئی نے کہاکہ عوام سوچ رہے ہیں کہ بلاول اور مریم نواز ون آن ون ملاقات میں کیا بات ہوئی ہوگی؟مریم نے بلاول کو دکھانا تھا تھا کہ ہم نے کتنی کرپشن کی ہے ۔

تازہ ترین