اسلام آباد(حذیفہ رحمان)سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد وزیراعظم نوازشریف کی پارٹی کے سینئر رہنماؤں سے مشاورت۔ وزیراعلی پنجاب شہباز شریف، اسحاق ڈار، چوہدری نثار سمیت پارٹی رہنماؤں کی اکثریت نے پرویز مشرف کا نام فوری ای سی ایل سے نکالنے کا مشورہ دے دیا۔ حکومت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نوازشریف نے پرویز مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے حوالے سے تاحال حتمی فیصلہ نہیں کیا ہے، مگر پارٹی رہنماؤں کی اکثریتی رائے کو اہمیت دیتے ہوئے مشرف کا نام آج ای سی ایل سے نکال دیا جائے گا۔ جبکہ ذرائع نے دعوی کیا ہے کہ وزارت داخلہ کو پرویز مشرف کے وکلاء کی جانب سے عدالتی فیصلے کی کاپی دی گئی ہے مگر وزارت داخلہ نے سپریم کورٹ کی عملدرآمدی برانچ کی طرف سے بھجوائے جانے والے فیصلے کے آنے تک فائل پراسیس کرنے سے معذرت کی ہے۔ روزنامہ جنگ کو ذرائع نے بتایا ہے کہ وزارت داخلہ کے سینئر حکام وزیراعظم نوازشریف کی طرف سے گرین سگنل کا انتظار کررہے ہیں۔ جب تک وزیراعظم آفس کی طرف سے وزارت داخلہ کے حکام کو ہدایت جاری نہیں کی جاتی پرویز مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کیلئے ایف آئی اے کے کمپیوٹرائزڈ سسٹم کو اطلاع نہیں دی جائے گی۔ جبکہ روزنامہ جنگ کو بتایا گیا ہے کہ پرویز مشرف کا ای سی ایل سے نام نکالنے کے حوالے سے وزیراعظم نوازشریف نے پارٹی کے سینئر رہنماؤں سے مشاورت کی ہے۔ جس پر وزیر خزانہ اسحاق ڈار،وزیرداخلہ چوہدری نثار سمیت رہنماؤں کی اکثریت نے رائے دی ہے کہ" پرویز مشرف راستے کا پتھر ہیں، اس میں الجھنا مناسب نہیں ہوگا"۔