پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ کسی کھلاڑی نے کرفیو ٹائم کی خلاف ورزی نہیں کی ہے، یہ سب اجازت لے کر میچ سے دو روز پہلے فیملیز کے ساتھ باہر گئے تھے۔
ورلڈ کپ میں بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد پاکستان ٹیم ، سلیکٹرز اور کوچ کی تبدیلی پر بہت زیادہ بحث شروع ہو گئی ہے جس پر پی سی بی نے اپنا ردعمل دیتے ہوئے بتایا کہ کپتان ، سلیکٹرز اور کوچز کی کارکردگی کا جائزہ ورلڈ کپ کے بعد لیں گے، جلد بازی میں کوئی فیصلہ نہیں کیاجائے گا۔
پی سی بی ترجمان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان ٹیم کا اگلا اسائنمنٹ ستمبر اکتوبر میں ہے لہذاسوچ سمجھ کر فیصلے کیے جائیں گے، دوران ٹورنامنٹ کارکردگی کی بنیاد پر فیصلے نہیں ہوسکتے۔
شیشہ کیفے کی ویڈیو پر بھی پی سی بی نے وضاحت کی کہ کسی کھلاڑی نے کرفیو ٹائمنگ کی خلاف ورزی نہیں کی ، کھلاڑی فیملیز کے ساتھ مینجمنٹ سے اجازت لے کر گئے تھے۔
ترجمان پی سی بی نے بتایا کہ میچ کی رات سب کھلاڑی وقت پر ہوٹل میں موجود تھے ، جو ویڈیو اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہیں وہ میچ سے دو روز پہلے کی ہیں۔