• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئی سی سی ورلڈ کپ 2019ء کے 23ویں میچ میں ویسٹ انڈیز نے بنگلا دیش کو 322رنز  کا ہدف دے دیا۔

ٹاؤنٹن کاؤنٹی گراؤنڈ پر کھیلے جارہے میچ میں بنگلادیش نے ٹاس جیت کر ویسٹ انڈیز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

ویسٹ انڈیز نے ایون لوئس،شائے ہوپ اور ہٹمائر کی نصف سنچریوں کی بدولت اسکور بورڈ پر 8وکٹ پر321 رنز کا بڑا مجموعہ سجایا۔

بنگلادیش کو کرس گیل بڑی وکٹ میچ کے شروع ہی میں مل گئی، وہ 6کے اسکور پر صفر رنز بناکر سیف الدین کا شکار بن گئے۔

دوسری وکٹ پر ایون لوئس اور شائے ہوپ نے 116رنز کی شاندار شراکت قائم کی اور ٹیم کو بڑے اسکور کئے بنیاد فراہم کی۔

کھلاڑیوں نے کئی دلکش شارٹ لگائے اور اپنی اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں،122کے اسکور پر ایون لوئس 70رنز کی اننگز کھیل کر شکیب الحسن کی وکٹ بن گئے۔

ویسٹ انڈیز کی تیسری 159کے اسکور پر پوران کی گری،وہ 25رنز بناکر میچ میں شکیب الحسن کی دوسری وکٹ بنے۔

چوتھی وکٹ پر ہوپ نے ہٹمائر کے ساتھ مل کر 89رنز کی شراکت قائم کی،اس دوران ہٹمائر نے اپنی نصف سنچری مکمل کی،دونوں کھلاڑیوں نے میچ پر ایک بار پھر ویسٹ انڈیز کی گرفت مضبوط بنادی۔

بنگلا دیش کو چوتھی وکٹ 242کے اسکور گری،ہٹمائر 50رنز بناکر مستفیض الرحمٰن کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے،اسی اوور میں 243 کے اسکور پر آندرے رسل بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

ویسٹ انڈیز کی چھٹی وکٹ 282کے اسکور پر کپتان جیسن ہولڈر کی گری،وہ 33رنز بناکر سیف الدین کو اپنی وکٹ دے بیٹھے۔

ساتویں آؤٹ ہونے والے بیٹسمین ہوپ تھے،وہ نروس نائنٹیز کا شکار ہوگئے،انہوں نے 96رنز کی اننگز کے دوران 4چوکے اور 1چھکا لگایا، ان کی وکٹ مستفیض الرحمٰن کے حصے میں آئی۔

ویسٹ انڈیز کی آٹھویں وکٹ آخری اوور کی آخری گیند پر براؤ کی گری، وہ 19رنز بناکر سیف الدین کا تیسرا شکار بنے۔

بنگلادیش کے مستفیض الرحمٰن اور سیف الدین نے 3،3 جبکہ شکیب الحسن نے 2کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

ویسٹ انڈیز اور بنگلادیش کی ٹیمیں ایونٹ میں اپنا پانچواں میچ کھیل رہی ہیں،کالی آندھی کو 1 میچ میں فتح ملی،2 میچ میں شکست اور ایک مقابلہ بارش کی نذر ہوا۔

بنگلادیش نے بھی ایک میچ میں کامیابی اپنے نام کی جبکہ اسے دو میں شکست ہوئی اور اس کا ایک میچ بارش سے متاثر ہوا۔

پوائنٹس ٹیبل پر دونوں ٹیموں کا اسکور 3،3 ہے،لیکن رن ریٹ کی بنیاد پر ویسٹ انڈیز چھٹے اور بنگلادیش آٹھویں نمبر پر براجمان ہے، میچ میں کامیاب ہونے والی ٹیم پانچویں پوزیشن اپنے نام کرلے گی۔

تازہ ترین