خیبر پختون خوا کے وزیر اطلاعات شوکت یوسف زئی نے کہا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنا اُن کو کرپشن کا سرٹیفکیٹ دینے کے مترادف ہے۔
انہوں نے کہا کہ آصف زرداری غریب عوام کے ٹیکس اور ملک کا پیسہ چوری کرنے کے الزام میں جیل گئے ہیں، ایک فرد کی نہیں بلکہ پوری قوم کی چوری کی ہے۔
شوکت یوسف زئی نے کہا کہ عوام نے اراکین اسمبلی کو چوروں کی حفاظت کے لیے نہیں اپنی خدمت کےلیے ووٹ دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی عوام کی خدمت کے لیے آواز اُٹھانے کی بجائے چوروں کو چھڑانے کے لیے ہنگامہ آرائی کر رہی ہے۔
وزیر اطلاعات خیبر پختون خوا نے مزید کہا کہ مسلم لیگ نون کے لیڈر جیلوں میں بند ہو رہے ہیں، اس لیے اُن کے رویوں میں بھی تلخیاں آ چکی ہیں۔
انہوں نےیہ بھی کہا کہ مریم اورنگزیب جب بولتی ہیں تو ظاہر ہوتا ہے کہ انہیں لیگی حکومت ختم ہونے کی کتنی تکلیف ہے، اب مسلم لیگ نون اور پیپلز پارٹی کا مستقبل تاریک ہو چکا ہے۔