برصغیر میں صدیوں سے جسمانی، ذہنی اور روحانی صحت کی آبیاری کیلئے یوگا کیا جارہاہے۔ تاہم 2015ء میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں21جون کو یوگا کا عالمی دن قرار دیاگیا۔ اس وقت سے ہر سال آج کے دن یوگا کے حوالے سے دنیا بھر میں سیمینارز منعقد کیے جاتے ہیں اور اس کی افادیت و آگہی کے سلسلے میں پروگرام مرتب کیے جاتے ہیں۔
یوگا کا لفظ سنسکرت زبا ن سے نکلا ہے ، جس کے معنی ہیں قابو پانا اور جوڑ کررکھنا۔ سانس اور جسم کی ورزشو ں اور مراقبے کے ذریعے اپنے نفس پر قابو پانےاور صحت مندزندگی گزارنے کیلئے یوگا ایک مثبت سرگرمی سمجھی جاتی ہے۔ اس سے جسم کے تمام افعال بہتر ہوتے ہیں جبکہ ذہنی او ر نفسیاتی صحت پر بھی بہترین اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ امریکی ریسرچ کے مطابق یوگا کے دوران جب گہری سانس کھینچ کر آہستہ آہستہ باہر چھوڑی جاتی ہے تو اس سے ذہنی دبائو کم کرنے میں مدد ملتی ہے۔ مزید یہ کہ باقاعدگی سے یوگا کی عادت انسان کو طویل عمر تک متحرک، جوان اور صحت مند رکھتی ہے۔ یہ سرگرمی دماغ میں موجود اسٹریس ہارمونز کم کرکے موڈ کو خوشگوار بناتی اور ذہنی سکون فراہم کرتی ہے۔ اس کے علاوہ بھی یوگا کے زبردست فوائد ہیں، آئیں کچھ کا ذکر کرتے ہیں۔
یادداشت میں بہتری
ماہرین کے مطابق زائد العمر افراد جو اپنی یادداشت کو بہتر اور بھولنے کی عادت کو کم کرناچاہتے ہیں انھیں چاہیے کہ اپنے معمولات میں یوگا اور مراقبے کو شامل کرلیں۔ اس سلسلے میں 55سال سے زائد عمر کے 25افرادمیں سے14کو12ہفتے تک یوگا کی مشقیں کروائی گئیں ، جن میں شعور وآگہی، سانس کی مشقیں اور مراقبہ شامل تھا جبکہ باقی 11افراد کو یادداشت بڑھانے کیلئے دوسری مشقوںجیسے گیمز اور معموں سے گزارا گیا۔ 12 ہفتے بعد جب دونوں گروپس کی یادداشت کا ٹیسٹ اور دماغ کاایم آر آئی اسکین کیا گیا تو یوگا والے افراد دیگر افراد سے بہتر نکلے۔
کمر درد سے نجات
اکثر خواتین کمر درد کی شکایت میں مبتلا رہتی ہیں ، وہ چاہیں تو یوگا کے ذریعے کمر درد سے چھٹکار ا پاسکتی ہیں۔ ماہرین کے مطابق کمر درد سے نجات کا حل یوگا میں موجود ہے ۔ یہ درد سے دائمی نجات کا باعث بن سکتا ہے کیونکہ یوگا سے انسانی جسم کے خلیوں اور اعضا کی کارکردگی بہتر ہوتی ہے۔ لہٰذا، ذرا سی محنت کرکے خواتین ہڈیوں خصوصاً کمر درد سے نجات حاصل کرسکتی ہیں۔
دل کی دھڑکن قابو میں رکھنا
سائنسی تحقیق کے مطابق دل کی دھڑکن کی رفتار کو معمول پر رکھنے کیلئے یوگا کا عمل اپنا یا جاسکتاہے۔ ایسے افراد جو اپنے دل کی دھڑکن معمول پر رکھنے کیلئے ادویات کا سہارا لیتے ہیں، وہ یوگا کے ذریعے ان دوائوں سے نجات حاصل کرسکتے ہیں۔ ایک مطالعے میں دو گروپس پر تجربات کرنے پر یہ بات سامنے آئی کہ یوگا میں شامل سانس کے آسنوں، بازو پھیلانے ، جسم کو مخصوص حالتو ں میں رکھنے، سستانے اورمراقبے جیسی ورزشوں سے گزرنے والوں کو دل کی دھڑکن اعتدال میں رکھنے اور دل کی صحت بہتر بنانے میں مدد ملی۔
وزن میں کمی
یوگا کی روزانہ کی جانے والی مشقوںسے آپ کے اندر ایسی صلاحیت پید اہوتی ہے، جس سے آپ اپنی غذا کے انتخاب کے بارے میں محتاط ہو جاتی ہیں اور ایسی غذائوں کا انتخاب کرتی ہیں جو آپ کیلئے ضروری ہیں۔ یہی احتیاط آپ کے وزن میں کمی کی وجہ بن جاتی ہے۔ ویسے بھی سخت ورزش اور کم غذا کھانے کے مقابلے میں یوگا قدرے آسان ہے۔ بہت سی خواتین کا کہنا ہے کہ انہیں یوگا کے ذریعے وزن گھٹانے اور چربی کم کرنے میں مدد ملی۔ تاہم ماہرین کے مطابق یوگا کو وزن کم کرنے کا ذریعہ مانا تو جاتاہے، تاہم جسمانی وزن کی کمی کیلئے اس سے بہتر مشقیں موجود ہیں اور وزن میں کمی کیلئے صرف یوگا پر انحصار ٹھیک نہیں، البتہ یوگا آپ کو وزن کم کرنے کیلئے ذہنی طور پر تیار کرتاہے۔
فٹنس میں مدد
یوگا کرنے سے آپ صرف ذہنی اور جذباتی طور پر ہی فٹ نہیں رہتیں بلکہ جسمانی طور پر بھی آپ کی شخصیت میں توازن پیدا ہوتا ہے۔ یوگاکی مدد سےآپ ایک بھرپور زندگی گزار سکتی ہیں۔
یوگا اور مشہور شخصیات
شلپا شیٹھی یوگاکیلئے مشہور ہیں، کئی برسوں سے وہ یوگا کرتی آرہی ہیں۔ لارادتہ بھی بچپن سےیوگا کرتی آرہی ہیں، ماں بننے کے بعد بھی وہ اس پر عمل کیاکرتی تھیں۔ اپنے مداحوں سے ستائش حاصل کرنے کے لئے بپاشا نے فٹنس اور یوگا سیشن کی سی ڈیز ریلیز کی ہیں۔ ملائیکا اروڑا یوگا کی وجہ سے فلم انڈسٹری میں اپنی عمر کی تمام خواتین میں سب سے زیادہ چاق وچوبند ہیں۔ دیپیکا پڈوکون، نرگس فخری، عالیہ بھٹ، جیکلین فرنینڈس، سونم کپور، کنگنا رناوٹ جیسی اداکارائیں بھی یوگا کے ذریعے خود کو چاق وچوبند رکھتی ہیں۔ یوگا کے متعلق ہر ایک کی علیحدہ علیحدہ رائے ہے۔
ہالی ووڈ کی بات کی جائے تو سپر ماڈل جزیل بنشن 12سال کی عمرسے انوسارا یوگا کررہی ہیں۔ گوینتھ پالٹرو روزانہ رات ساڑھے چار بجے اٹھ کر یوگا کے آسن کرتی ہیں۔ جینیفر اینسٹن، جیسیکا بیل، ریسے ویدراسپون اور کیٹی پیری کے علاوہ کئی ہالی ووڈ سیلیبرٹیز ایسی ہیں جو اپنی فٹنس اور خوبصورتی کیلئے یوگا کا ہی سہارا لیتی ہیں۔