• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وفاقی بجٹ میں بلوچستان کیلئے 70 نئے منصوبے شامل

آئندہ مالی سال کے وفاقی ترقیاتی بجٹ میں بلوچستان کے لیے 70 نئے منصوبے شامل کر لیے گئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے لیے نئے ترقیاتی منصوبوں میں پانی کی فراہمی، سڑکوں کی تعمیر اور بجلی کی فراہمی کے منصوبے شامل ہیں۔

وزارت منصوبہ بندی کے ذرائع نے بتایا ہے کہ وفاقی ترقیاتی بجٹ کے مجموعی حجم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، بلوچستان کے لیے شامل کیے گئے نئے ترقیاتی منصوبوں پر لاگت کا تخمینہ 2 ارب روپے تک ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے یہ فنڈز دیگر قومی منصوبوں میں کٹوتی سے نکالے گئے ہیں۔

مشیر ترقیاتی بجٹ آصف شیخ سے ایک صحافی نے سوال کیا کہ کیا آپ قومی اقتصادی کونسل کی منظوری کے بغیر وفاقی ترقیاتی بجٹ میں ردوبدل کر سکتے ہیں؟

مشیرترقیاتی بجٹ نے جواب دیا کہ قومی اقتصادی کونسل نے وزارت منصوبہ بندی کو پی ایس ڈی پی میں تبدیلی کا اختیار دے رکھا ہے، ہم نے وفاقی ترقیاتی بجٹ کا مجموعی حجم تبدیل نہیں کیا ہے۔

آصف شیخ نے یہ بھی بتایا کہ وفاقی وزیر خسرو بختیار کا بلوچستان کی ترقی سے متعلق نئے منصوبوں کی شمولیت پر پالیسی بیان آ سکتا ہے، بلوچستان کے ترقیاتی منصوبے شامل کرنے کے بعد پی ایس ڈی پی کی نئی بک شائع کی گئی ہے۔

تازہ ترین