کراچی(اسٹاف رپورٹر)گل پلازہ میں ہفتے کی شب لگنے والی آگ کے بعدلاپتہ افرادکے اہل خانہ خانہ غم سے نڈھال ‘اتوارکی شب تک اپنے پیاروں کی تلاش میں ایم اے جناح روڈ پر پیدل مارے مارے پھر رہے تھے‘ سکیورٹی کے باعث انہیں جائے حادثہ پر پہنچنے کی اجاز ت نہیں مل سکی جبکہ شاپنگ کے لئے جانے والے کئی لوگوں کے بارے میں اطلاع ہے کہ ان کے عزیز بھی ان کو تلاش کررہے ہیں‘شاپنگ کیلئے آنے والے دو خاندانوں کے چار چار افراد کا بھی کچھ پتہ نہیں چلا ۔ حادثےمیں گارڈن کے ایک خاندان کے چار افراد ابھی تک لاپتا ہے جوشاپنگ کی غرض سے گئے تھے‘ان کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ انہیں مارکیٹ تک جانے نہیں دیا جارہا ہے، امجد نامی نے نوجوان نے بتایا کہ اس کی والدہ، بھائی خورشید، اس کی اہلیہ اور بیٹی خریداری کے لئے گل پلازہ گئے تھے مگر ان کی کوئی طلاع نہیں اور ان کے فون بھی بند آرہے ہیں‘شاپنگ مال میں کام کرنےوالا عارف اتوارکی شب سے لاپتا ہے ‘ شادی کی خریداری کیلئے آئی ایک ہی فیملی کی 4 خواتین کے اہل خانہ بھی سخت پریشانی کے عالم میں گل پلازہ کی سڑک پر بے تاب دکھائی دئیے۔ عینی شاہدین کے مطابق بیسمنٹ اوراندرونی حصےسے چیخنے اور بچاؤ کی آوازیں سنائی دے رہی تھیں۔ ڈی سی آفس میں لاپتا افراد کے لئے ڈیسک بنائی گئی ہے درجنوں خاندان نے پیاروں کی گمشدگی کی شکایات درج کرائی ہے۔