وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی خصوصی ہدایت پر مری میں ڈولفن فورس آگئی۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے انسپکٹر جنرل پولیس کو مری میں ڈولفن فور س کی فوری تعیناتی کے لئے ہدایات جاری کیں تھیں، وزیراعلیٰ کی ہدایات پر عملدر آمد کرتے ہوئے آج ڈولفن فورس نے پٹرولنگ شروع کردی ہے۔
ڈولفن فورس جرائم پیشہ عناصر کے خلاف فوری ایکشن لے گی، ڈولفن فورس اسٹریٹ کرائم کے سدباب کے لیے بھی فرائض سرانجام دے گی۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب نے مری میں اوور چارجنگ اور کھانے پینے کی غیر معیاری اشیاء کے بارے میں شکایات کا نوٹس بھی لیا ہے اور انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ اوورچارجنگ اور کھانے پینے کی غیر معیاری اشیاء فروخت کرنیوالوں کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کی جائے۔
وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کی جانب سے مری میں ٹریفک کے نظام کو بھی بہتر بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ مری میں سیاحوں اور شہریوں کے تحفظ کے لئے ڈولفن فورس تعینات کی گئی ہے، مری میں ڈولفن فورس کی تعیناتی سے سیاحوں اور شہریوں میں تحفظ کا احساس بڑھے گا، سیاحوں اور شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں دیں گے۔
وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ انتظامی افسران اوور چارجنگ کے سدباب کے لئے موثر اقدامات اٹھائیں، سیاحتی مقامات پر اوور چارجنگ کرکے سیاحوں کو لوٹنا کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور اگر آئندہ اوورچارجنگ کی شکایت ملی تو متعلقہ افسر کے خلاف کارروائی ہوگی۔
انہوں نے کہا کھانے پینے کی معیاری اشیاء کی فروخت کو یقینی بنانا انتظامیہ کی ذمہ داری ہے، مری میں کھانے پینے کی غیر معیاری اشیاء کی فروخت کو ہر صورت روکا جائے۔ اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ کھانے پینے کی غیر معیاری اشیاء فروخت اور اوور چارجنگ کرنے کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کر کے رپورٹ وزیراعلیٰ آفس بھجوائی جائے۔
عثمان بزدار نے اپنی گفتگو میں کہا کہ مری میں بہترین ٹریفک مینجمنٹ کر کے سیاحوں کو سہولت فراہم کی جائےاور ٹریفک رواں دواں رکھنے کے لئے جامع پلان مرتب کیا جائے اور اس پر عملدر آمد یقینی بنایا جائے۔
عثمان بزدار نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مری میں پارکنگ کے دیرینہ مسئلے کا مستقل حل تلاش کیا جائے، پارکنگ اور زائد فیس کی وصولی کے بارے میں سیاحوں کو شکایت نہیں ہونی چاہیے اور اہم مقامات پر پارکنگ اور طے شدہ فیس کے بورڈ نمایاں طو رپر لگائے جائیں۔
انتظامیہ ہوٹل مالکان سے رابطے کر کے کرایوں کو مناسب سطح پر رکھنے کے لئے اقدامات کرے، سیاحوں کے ساتھ اچھے رویے کا مظاہرہ کیا جائے اور جہاں بد تمیزی کی شکایت سامنے آئے ذمہ داروں کے خلاف فوری ایکشن لیا جائے۔