• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

منشیات کا الزام، راناثناء گرفتار، فیصل آباد سےلاہور جاتے ہوئے ANF نے حراست میں لیا،گاڑی سے 20 کروڑ مالیت کی 15 کلو ہیروئن برآمد، اپوزیشن رہنمائوں کی طرف سے مذمت

لاہور، حافظ آباد (نمائندہ جنگ، مانیٹر نگ سیل)اینٹی نار کوٹکس فورس (اے این ایف) نے مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ کو گرفتار کر لیا۔انہیں فیصل آباد سے لاہور جاتے ہوئے حراست میں لیا گیا۔ فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ رانا ثنا ءاللہ کی گاڑی سے 20کروڑ روپے مالیت کی 15؍ کلو گرام کلو ہیروئن برآمد ہوئی ہے۔ ترجمان اے این ایف ریاض سومرو نے کہا ہے کہ رانا ثنااللہ کی گاڑی سے منشیات کی بڑی مقدار برآمد ہوئی ، آج ریمانڈ کیلئے نارکوٹکس کورٹ میں پیش کیا جائیگا ۔ وزیر مملکت انسداد منشیات شہریار آفریدی کا کہنا ہے کہ نئے پاکستان میں کوئی قانون سے بالا تر نہیں ہے،اے این ایف ایک پروفیشنل فورس ہے،جسکے سربراہ میجر جنرل ہیں کسی کے ساتھ کوئی ذاتی اختلاف نہیں ہے،اس کے موقف کا انتظار کرنا چاہیے۔ تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات عمر سرفراز چیمہ نے کہا ہے کہ رانا ثناء اللہ کی گرفتار کو ن لیگ سیاسی رنگ دے رہی ہے، مریم صفدر کے بیان کی مذمت کرتے ہیں۔ سیاسی شخصیات نے بھی رانا ثنا اللہ کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے سیاسی انتقام قرار دیا ہے ۔ شہباز شریف نے رانا ثناء کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عمران کا ذاتی عناد کھل کر سامنے آگیا ہے،بلاول بھٹو نے کہا کہ گرفتاریاں حکومت کی مایوسی ظاہر کرتی ہیں۔ مریم نواز نے کہا کہ رانا ثناء کی گرفتاری میں براہ راست وزیراعظم کا ہاتھ ہے۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ عمران خان کے اندر سیاسی انتقام کی آگ بھری ہوئی ہے جس پر کرپشن کا الزام ثابت نہ ہو انہیں کسی دوسرے جعلی مقدمے میں پکڑ لیا جاتا ہے۔ رانا ثناء اللہ کی گرفتاری کے بعد کارکن انکے ڈیرہ پر جمع ہو گئے اور کارکنوں نے سمندری روڈ پر ٹائر جلا کر ٹریفک بلاک کر کے احتجاج کیا اس دوران پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور درجنوں کارکنوں کو گرفتار کرلیا۔ مزاحمت پر پولیس کی جانب سے لاٹھی چارج بھی کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق اینٹی نار کوٹکس فورس نے مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ کو گرفتار کر لیا۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر فیصل آباد سے لاہور جا رہے تھے کہ اے این ایف نے سکھیکی کے قریب سے انہیں حراست میں لے لیا۔ذرائع کا بتانا ہے کہ رانا ثناء اللہ کو منشیات فروش لوگوں سے روابط کی بنیاد پر حراست میں لیا گیا ہے اور ان سے اس حوالے سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔اے این ایف لاہور نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما کو گرفتار کرنے کی تصدیق کر دی ہے۔ترجمان اے این ایف کا بتانا ہے کہ رانا ثناءاللہ کے ہمراہ انکے سیکورٹی گارڈ بھی تھے، کچھ دیر بعد تحریری طور پر انکی گرفتاری کی وجوہات بتائی جائیں گی۔

تازہ ترین