اسلام آباد ( طاہر خلیل)الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے ارکان قومی اسمبلی کے گوشواروں کی تفصیلات جاری کردیں، جس کے تحت پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری امیر ترین جبکہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مراد سعید غریب رکن اسمبلی ہیں۔بلاول اثاثوں کی مالیت ایک ارب 54 کروڑ روپے سے زائد ہے جبکہ ان کے دبئی میں 2 ولاز میں شراکت داری بھی ہے ۔ وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید غریب ارکان قومی اسمبلی میں شامل ہیں اور ان کے پاس 36 لاکھ نقد اور 15 تولا سونا ہے۔عمران خان کے اثاثوں کی مالیت 10 کروڑ، شہباز شریف 18 کروڑ، زرداری 67 کروڑ، شیخ رشید کے 3 کروڑ سے زائد اثاثے، 8 کروڑ 73 لاکھ روپے کا بینک بیلنس،حماد اظہر کے ذاتی اثاثے 30 کروڑ، اہلیہ کے اثاثے27 کروڑ روپے ، اسد قیصر کے 8 کروڑ کےاثاثے ، فیصل واڈا کی بیرون ملک 38 کروڑ روپے سے زائد کی پراپرٹی ہے۔ ای سی پی کی جانب سے جاری تفصیلات میں بتایا گیا کہ وزیر اعظم عمران خان 10 کروڑ 82 لاکھ 36 ہزار روپے سے زائد کے اثاثوں کے مالک ہیں، ان اثاثوں میں بنی گالا رہائش کی مالیت ظاہر نہیں کی بلکہ اس زمین کو تحفے کے طور پر ظاہر کیا گیا ہے۔الیکشن کمیشن کے مطابق وزیر اعظم کے ڈالر، پاؤنڈ اسٹرلنگ اور یورو اکاؤنٹس بھی ہیں جبکہ 2 لاکھ روپے کی 4 بکریوں کے بھی مالک ہیں، ساتھ ہی ان کے پاس 6.2 مربع زرعی اور کمرشل اراضی بھی موجود ہے۔وزیراعظم نے ورثے اور تحفے میں ملی پراپرٹی کی مالیت ظاہرنہیں کی۔دستاویزات کے مطابق وزیراعظم کی زمان پارک میں ورثہ میں ملی رہائشگاہ کی تعمیر پر4 کروڑ53 لاکھ روپے لاگت آرہی ہے، وزیراعظم نے بنی گالہ میں 300 کنال کا گھر تحفہ کے طور پر ظاہر کیا، ٹیکس سال 2015/16 میں رہائشگاہ کی اضافی تعمیر پر ایک کروڑ 14 لاکھ روپے اخراجات آئے۔دستاویزات میں بتایا گیاہےکہ وزیراعظم عمران خان کے پاس بنی گالہ میں 50 لاکھ روپے کی 6 کنال 16 مرلہ اراضی ہے، وزیراعظم کو میانوالی میں 10 مرلہ پر بنا گھر ورثہ میں ملا، وزیراعظم کے پاس شیخو پورہ میں ورثہ میں حاصل کی گئی 80 کنال اراضی ہے، عمران خان کو بھکر میں 260 کنال، 8 ایکڑ کی 4 مختلف اراضی ورثہ میں ملی، وزیراعظم کے پاس میاں چنوں میں 50 ہزار روپے مالیت کی زرعی اراضی ہے۔دستاویزات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے 4 غیر ملکی کرنسی کے بینک اکاؤنٹس میں سرمایہ کاری کر رکھی ہے، وزیراعظم کے پاؤنڈ اکاؤنٹ میں 2 ہزار67 پاونڈ ہیں اور ڈالر اکاؤنٹ میں 3 لاکھ 29 ہزار60 ڈالرز، دوسرے اکاونٹ میں 1 ہزار 470 ڈالرز ہیں جب کہ وزیراعظم عمران خان کے یورو اکاونٹ میں کوئی رقم نہیں۔دستاویزات میں مزید بتایا گیا ہےکہ عمران خان نے گرینڈ حیات ٹاور میں فلیٹ کیلئے 1 کروڑ19 لاکھ روپے ایڈاوانس جمع کرا رکھے ہیں، وزیراعظم عمران خان کے پاس ذاتی گاڑی نہیں ہے، ان کے پاس 2 کروڑ 40 لاکھ روپے کیش موجود ہے، وزیراعظم کے 2 ملکی بینک اکاؤنٹس میں96 لاکھ روپے ہیں۔اس کے علاوہ وزیراعظم کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے پاس پاکپتن، اوکاڑہ اور بنی گالہ میں پراپرٹی ہے، بشریٰ بی بی کے پاس پاکپتن میں 52 کنال اور 379 کنال اراضی ہے، ان کے پاس اوکاڑہ میں 267 کنال اراضی ہے اور بنی گالہ میں 3 کنال کی رہائشگاہ ہے۔اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے اثاثوں کی مالیت 18 کروڑ 96 لاکھ روپے سے زائد ہےشہباز شریف کی اہلیہ نصرت شہباز کے نام 23 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے اثاثے ہیںشہباز شریف کی اہلیہ تہمینہ درانی کے 57 لاکھ 65 ہزار روپے کے اثاثے ہیںشہباز شریف نے بیرون ملک اثاثوں کی تفصیلات بھی ظاہر کی ہیں ۔شہباز شریف کے بیرون ملک 14 کروڑ روپے کے اثاثے ہیںشہباز شریف لندن میں فلیٹ کے مالک بھی ہیں۔ای سی پی کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری 67 کروڑ روپے کے اثاثوں کے مالک ہیں جبکہ وہ اور ان کے صاحبزادے بلاول بھٹو زرداری دبئی میں اقامہ بھی رکھتے ہیں۔تاہم ان تفصیلات میں یہ بات سامنے آئی کہ آصف زرداری کی بیرون ملک کوئی جائیداد نہیں لیکن ان کے پاس ایک کروڑ روپے کے گھوڑے اور دیگر جانور ہیں۔