• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بہنوئی اور بھانجے کے قتل کا بدلہ لیا، ملزم ارشد

لاہور ایئر پورٹ پر فائرنگ کر کے 2 افراد کو قتل اور ایک کو زخمی کرنے والے ملزم ارشد کا اے ایس ایف کو بیان دیتے ہوئے کہنا ہے کہ میں نے اپنے بہنوئی اور بھانجے کے قتل کا بدلہ لیا ہے۔

ملزم کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ مقتول زین نے میرے بہنوئی اور بھانجے کو قتل کیا تھا میں نے زین کو قتل کر کے اپنے بہنوئی اور بھانجے کے قتل کا بدلہ لے لیا۔

ملزم ارشد نے اے ایس ایف کو بتایا ہے کہ اسلحہ ٹیکسی ڈرائیور کی وساطت سے ایئر پورٹ پہنچایا گیا، یہ اسلحہ ٹیکسی کی سیٹوں کے نیچے چھپا کر لایا گیا تھا۔

ملزم کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہم جس گاڑی پر آئے تھے اس کی تلاشی لی گئی تھی، ایئر پورٹ لائے جانے والے اسلحے میں 30 بور کے 2 پستول شامل تھے۔

واضح رہے کہ آج صبح لاہور ایئر پورٹ پر پیپلز پارٹی کے مقتول رہنما بابر بٹ کے مقدمۂ قتل میں نامزد ملزم زین عمرے کی ادائیگی کے بعد وطن واپس پہنچا تھا۔

ایئر پورٹ پر موجود بابر بٹ پارٹی کے 2 افراد نے زین کے انٹرنیشنل لاؤنج سے باہر نکلتے ہی برآمدے میں اس پر فائر کھول دیا۔

فائرنگ کے نتیجے میں زین اور ٹیکسی ڈرائیور اکرم جاں بحق جبکہ ایک شخص عنصر زخمی ہو گیا۔

فائرنگ سے ایئر پورٹ پر بھگدڑ مچ گئی، ایئر پورٹ سیکیورٹی فورسز نے فائرنگ کرنے والے دونوں ملزمان ارشد اور شان کو گرفتار کر لیا ہے۔

مقتول زین پر پیپلز پارٹی کے مقتول رہنما بابر بٹ کے قتل کا الزام تھا، بابر بٹ کو 13 مارچ 2017ء کو گھر میں گھس کر فائرنگ کر کے قتل کیا گیا تھا۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزمان نے 30 بور کے پستول سے فائرنگ کی، اے ایس ایف حکام نے فائرنگ کے واقعے کی انکوائری شروع کر دی ہے، تحقیقات کی جا رہی ہیں کہ ملزمان اسلحے سمیت ایئر پورٹ کی حدود میں کیسے داخل ہو گئے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

تازہ ترین