• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کا ورلڈ کپ مشن ،مشن امپوسیبل بن گیا اور سفر مایوس کن انداز میں ختم ہوتا نظر آرہا ہے۔ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش کے خلاف آخری گروپ سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کاسیمی فائنل میں کھیلنے کا خواب ،خواب ہی رہ گیا۔

اس نتیجے پر پاکستانی کیمپ میں فضا سوگوار ہوگئی۔ پاکستانی کرکٹرز اور پی سی بی چیئرمین احسان مانی لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن میں ڈنر کے لئے پہنچے ۔جیسے ہی یہ اطلاع آئی فضا سوگوار ہوگئی سب کے چہرے لٹک گئے۔اداس چہرے پوری کہانی بیان کررہے تھے۔

میزبان انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو119رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے کر 1992کے بعد پہلی بار ورلڈ کپ سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔ پاکستان کو جمعہ کو آخری گروپ میچ میں بنگلہ دیش سے مقابلہ کرنا ہے لیکن حقائق بتاتے ہیں کہ پاکستان کا آخری چار ٹیموں کے الیٹ کلب تک  کوالی فائی کرنا ممکن ہی نہیں ہے۔

میزبان ٹیم کی کارکردگی نے پاکستان کو ٹیکنیکل طور پر ورلڈ کپ سے باہر کردیا ہے۔ اعداد وشمار بتاتے ہیں کہ اگر لارڈز میں پاکستان کی ٹیم چار سو رنز بنائے اور بنگلہ دیش  کو316 رنز سے شکست دےتو پھر اس کا یہ سفر جاری رہ سکتا ہے لیکن یہ ہمالیہ سر کرنا تقریباًناممکن ہے۔

اگر پاکستان316رنز بناتا ہے تو اسے بنگلہ دیش کو311رنز سے ہرانا ہے۔ اگر پاکستان 450رنز اسکور کرتا ہے تو اسے321 رنز سے کامیابی حاصل کرنا ہوگی ۔ پہلے بیٹنگ کرکے اگر پاکستان308سے کم رنز بناتا ہے تو پھر سب بے کار ہوگا۔

اگر پاکستان پہلے بولنگ کرتا ہے تو پاکستان سیدھا ٹورنامنٹ سے باہر ہوجائے گا۔تاہم پاکستان بنگلہ دیش کو ہراکر ٹورنامنٹ میں پانچویں پوزیشن حاصل کرسکتا ہے۔

اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر پاکستان کا پانچواں نمبر ہے اس کے آٹھ میچوں کے بعد نو پوائنٹس ہیں۔ نیوزی لینڈ نےاپنے تمام گروپ میچ مکمل کر لئے ہیں، اس کے گیارہ پوائنٹس ہیں پاکستان بنگلہ دیش کو ہراکر گیارہ پوائنٹس پر فنش کرے گا، لیکن پاکستان کی جگہ نیوزی لینڈ بہتر رن ریٹ پر سیمی فائنل میں جگہ بنالے گی۔

تازہ ترین
تازہ ترین