• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دنیا بھر کے میوزیم، آرٹ گیلریوں اور نمائش گاہوں کے منفرد تعمیراتی ڈیزائن انسان کی جمالیاتی نفاست کے عکاس ہیں، جنہیں تعمیر کرتے وقت ماہرینِ تعمیرات نے جمالیات کے ساتھ مضبوطی، کشادگی اور انفرادیت کا خاص خیال رکھا۔ وقت گزرنے کے ساتھ کچھ میوزیم کے آر کیٹیکچرل ڈیزائن ممالک کی خاص پہچان بن چکے ہیں، جیسے آسٹریلیا کا سڈنی اوپیرا ہاؤس، ترکی کا توپ کاپی میوزیم اور پاکستان کا الحمرا۔ دنیا کی باوقار اقوام اپنی سیاست، معیشت، تعلیم اورادب و ثقافت کو عجائب گھروں، آرٹ گیلریوں اور نمائش کے مراکز میں محفوظ کرکے آنے والی نسلوں کو عظیم شخصیات اور اپنے شاندار کارناموں کے بارے میں بتاتی ہیں۔ پاکستان میںنیشنل میوزیم، گندھارا میوزیم، بینک دولت پاکستان میوزیم اور صادقین گیلری اس کی نمایاں مثالیں ہیں۔ میوزیم صرف نوادرات تک محدود نہیں ہوتا بلکہ کوشش کی جاتی ہے کہ اس کا طرزِ تعمیر دیدہ زیب اور اپنے شعبے کی عکاسی کرتا ہو۔

سوژاؤ میوزیم

چینی نژاد امریکی ماہر تعمیر آئیوژنگ سی نے جب قدیم چینی آرٹ کیلئے عجائب گھر کا ڈیزائن بنایا تو انہوں نے روایتی ایشیائی تعمیراتی تصورا ت کو ملا دیا۔ عوامی جمہوریہ چین کے شہر جیانگ میں سوژائو میوزیم (Suzhou Museum) کا ڈیزائن بناتے و قت پرنس ڈونگ کے فیشن کا ڈیزائن نظر میں رکھا گیا۔ آرکیٹیکٹ نے پلاستر کی روایتی وائٹ واش دیواروں کے ساتھ چھت کے لیے گہری سرمئی رنگ کی مٹی کا استعمال کیا۔ ہر چند کہ عجائب گھر قدیم چینی طرز تعمیر پر مبنی دکھائی دیتا ہے لیکن بیمز کے لیے اسٹیل جیسے پائیدار مٹیریل کا انتخاب کرکے جدت کا رنگ دیا گیا۔ اس میوزیم کی تعمیر 2006ء میں مکمل کی گئی۔

ایلینڈ ایڈیتھ براڈ آرٹ میوزیم

دنیائے تعمیرات کا سب سے بڑا اعزاز پرزم پرائز پانے والی عراقی نژاد امریکی ماہر تعمیر زاہا حدید کا ایسٹ لینگ میں مشی گن اسٹیٹ یونیورسٹی کیلئے ڈیزائن کیا گیا ایلینڈ ایڈیتھ براڈآرٹ میوزیم (Eliend edythe Broad Art Museum) ’ڈی کنسٹرکٹیوسٹ‘ طرزِ تعمیرکی حیران کن مثال ہے۔ شیشے اور المونیم کے امتزاج سے بنائی گئی اس کی نوکیلی ساخت کھلے منہ والی شارک مچھلی کا سماں پیش کر کے مشی گن یونیورسٹی کیمپس کو انفرادی لک دیتی ہے۔ اس کا افتتاح 10 نومبر 2012ء کو کیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ زاہا حدید کے تعمیراتی ڈیزائن مستقبل کے منفرد آرکیٹیکچر کی نشاندہی کرتے ہیں، جنہوں نے زاویاتی جیومیٹریکل اشکال سے دنیائے تعمیرات میں ایک انقلاب برپا کر دیا۔

سان فرانسسکو میوزیم آف ماڈرن آرٹ

جدید فن کیلئے مختص دو لاکھ 25ہزار مربع فٹ رقبے پر پھیلے سان فرانسسکو میوزیم آف ماڈرن آرٹ کا شمار شمالی امریکی کی سب سے بڑی عمارتوں میں ہوتا ہے، جسے سوئس ماہر تعمیرات ماریو بوٹا نے یونائیٹڈ اسٹیٹس کمیشن کی نگرانی میں بنایا۔ یہاں آپ کو ماڈرن آرٹ کا مکمل کلیکشن ملے گا۔ و سیع و کشادہ گیلری میں آویزاں فن پارے دیکھنے والوں کو اپنے سحر میں مبتلا کر دیتے ہیں۔ماریا بوٹا کے اس تعمیراتی خاصے میںپانچ منزلہ ٹاور، گیلریز اور دفاترکا ڈیزائن اس طرح بنایا گیا ہے کہ مستقبل میں توسیع کی گنجائش نکل سکے۔ کمیونٹی اورینٹڈ فیچرزمیں280شستہ تھیٹر، دوبڑی ورکشاپس، خالی جگہیں، ایونٹ اسپیس، میوزیم اسٹور، ایک کیفے، 85ہزارکتابوں پر مشتمل لائبریری اور کلاس روم شامل ہیں۔ اسٹیپڈ روف ٹاپ اور سینٹرل ایٹریم کے باعث قدرتی روشنی کی وسیع گنجائش موجود ہے۔

گوگن ہیم میوزیم

اگربات فن وتعمیر اور دنیا کی متاثر کن عمارات کی ہو تو بلاشبہ ہم ’گوگن ہیم میوزیم‘ کو نظر انداز نہیں کرسکتے، جوامریکا کے شہر نیویارک کےعلاقے مین ہٹن کے قریب1071ففتھ ایونیومیں واقع ہے۔1959ء میں اس میوزیم کو موجودہ عمارت میں منتقل کیا گیا، جسے بیسویں صدی کے آرکیٹیکچر کی شاندار تعمیرات میں شمار کیا جاتا ہے، اس کا ڈیزائن فرینک لائیڈرائٹ نے بنایا۔یہ سلنڈرنما عمارت نیچے کے بجائے اوپر سےزیادہ چوڑی ہے۔ منفرد ریمپ گیلری، نچلےحصے سے سیدھاعمارت کے بیرونی کونوں تک جاتے ہوئےاسکائی لائن پر اختتام پذیر ہوتی ہے۔اس کی توسیع کا کام پہلے 1992ء میں کیا گیا اور بعد میں2005ء سے2008ء کےعرصے میں عمارت کے ساتھ ملحقہ ٹاور تعمیر کیے گئے۔ اس میوزیم میں آٹھ عشروںکے دوران بنائے جانے والے مصوری کے فن پارے موجود ہیں، جن میں گوگن ہیم کی مکمل مصوری کا کلیکشن بھی شامل ہے۔

ہربرٹ ایف جانسن میوزیم آف آرٹ

نیویارک کے مضافات ایتھکامیں واقع کایو گاجھیل کنارے وسیع کنکریٹ سلیب کے ڈیزائن پر مبنی ہربرٹ ایف جانسن میوزیم آف آرٹ(The Herbert F Johnson Museum of Art) ایک ہزار فٹ نشیب پر دیکھنے والوں کو ’’کا یوگا جھیل‘‘ کا روح پرور منظر پیش کرکے فنی جمالیاتی آہنگ اور فن ثقافت سے حقیقی محبت سے سرشار کرتا ہے۔ کھلی جگہ کے ساتھ اس کی تکونی ساخت فن و شفافیت کا حسین سنگم بناتی ہے۔ یہ آئی ایم پی آرکیٹیکٹ کی تعمیراتی اختراع ہے، جسے1973ء میں بنایا گیا۔ کم جگہ پر ایسا کشادہ آرکیٹیکچر وسیع تعمیراتی امکانات کی عکاسی کرتا ہے۔

تازہ ترین