• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گوادر کے ساحلی علاقے میں نمودار ہونے والا جزیرہ سمندر برد

کراچی (نیوز ڈیسک) بلوچستان کے شہر گوادر کے ساحلی علاقے میں 2013ء کے زلزلے کے بعد پیدا ہونے والا چھوٹا جزیرہ ’’زلزلہ کوہ‘‘ سمندر برد ہوگیا ہے۔ یہ جزیرہ 6؍ سال قبل آنے والے 7.7؍ شدت کے زلزلے کے بعد نمودار ہوا تھا۔ زلزلے کے نتیجے میں 825؍ افراد جاں بحق ہوئے تھے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، خلائی تحقیق کے امریکی ادارے ناسا نے جزیرے کے نمودار ہونے سے لے کر لہروں میں غائب ہونے کی تصاویر جاری کی ہیں۔ ’’زلزلہ کوہ‘‘ زلزلے کے نتیجے میں پانی کے نیچے موجود کیچڑ اور دلدلی آتش فشاں کے پھٹنے کے بعد نمودار ہوا تھا۔ سمندر کی تیز لہروں کی وجہ سے کٹائو کے باعث یہ جزیرہ اب مکمل طور پر غائب ہو چکا ہے۔ جزیرے کی دراڑوں سے زہریلی اور آتش گیر گیسیں خارج ہونے کے باوجود یہ جزیرہ سیاحوں اور مقامی افراد کیلئے کشش کا باعث بنا ہوا تھا۔ یہ جزیرہ 295؍ فٹ بلند اور 135؍ فٹ طویل تھا لیکن اب یہ مکمل طور پر پانی میں ڈوب چکا ہے۔ ناسا نے ارتھ آبزرونگ ون اور لینڈ سیٹ 8؍ سیٹلائٹ کی مدد سے اس کی تصاویر بنائی تھیں۔

تازہ ترین