بلوچستان کے ضلع نصیر آباد میں ڈیرہ مراد جمالی کے قریب سی ٹی ڈی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مبینہ طور پر ایک دہشت گرد کو ہلاک کر دیا۔
سی ٹی ڈی کے ذارئع کے مطابق خفیہ اطلاع ملنے پر ڈیرہ مراد جمالی کے قریب تھانہ نوتال کی حددو میں نواحی گاؤں پر سی ٹی ڈی پولیس نے چھاپہ مارا۔
ملزم نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کر دی تاہم پولیس کی جوابی فائرنگ سے مبینہ دہشت گرد ہلاک ہو گیا۔
سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے مبینہ دہشت گرد کی شناخت شکر اللہ کے نام سے ہوئی ہے، جو ضلع بولان کے علاقوں میں خودکش حملوں کا سہولت کار تھا۔
سی ٹی ڈی حکام نے بتایا ہے کہ کارروائی دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کی گئی تھی۔
دہشت گردوں کے زیر استعمال کمپاؤنڈ سے خودکش جیکٹ، ایک کلاشنکوف، 4 ہینڈ گرینیڈ اور 15 کلو دھماکا خیز مواد برآمد کیا گیا ہے۔
سی ٹی ڈی حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ مذکورہ کارروائی کے دوران کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔