کراچی کے علاقے قائد آباد میں شک کے باعث غیرت کے نام پر بھائی نے فائرنگ کرکے بہن کو قتل جبکہ پڑوسی کو زخمی کر دیا، واقعے کے بعد ملزم موقع سے فرار ہو گیا۔
پولیس کی ابتدائی تفتیش کے مطابق قائد آباد کے علاقے فردوس چالی کے رہائشی مرتضیٰ نے شک کی بنیاد پر اپنی بہن پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 22 سالہ فاطمہ بی بی گردن میں 2 گولیاں لگنے سے موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی۔
ملزم نے اس کے بعد پڑوس میں واقع دکان پر بھی فائرنگ کی جس کے نتیجے میں شیر خان نامی شخص ٹانگ میں گولی لگنے سے زخمی ہو گیا۔
فائرنگ کے واقعے کے بعد ملزم مرتضیٰ موقع سے فائرنگ کرتا ہوا فرار ہو گیا۔
پولیس نے جائے وقوع سے 30 بور کے پستول کے کارتوسوں کے متعدد خول قبضے میں لے لیے ہیں جبکہ ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔
مقتول خاتون فاطمہ بی بی کی لاش اور زخمی شخص شیر خان کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں لاش کا پوسٹ مارٹم کیا جائے گا جبکہ زخمی کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔