• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ حکومت نے دودھ کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کردیا

سندھ حکومت نے دودھ کی قیمتوں میں 10 روپے اضافہ مسترد کردیاہے۔

صوبائی وزیر رسد و قیمت محمد اسماعیل راہو نے دودھ کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر کراچی اور پرائس مجسٹریٹس کو مہنگا دودھ فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا۔

صوبائی وزیر نے یوتھ پارلیمنٹ طلبا کی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ سندھ حکومت نے دودھ کی قیمت میں کوئی اضافہ نہیں کیا، دودھ کی قیمت میں اضافے کو مسترد کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈیری فارمرز کے ساتھ بات کی جائے گی، ان کے جو بھی مسائل ہیں مل بیٹھ کر حل کریں گے۔

صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ دودھ کی قیمت میں اضافہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، ڈیری فارمز ایسوسی ایشن نے سندھ حکومت کی منظوری کے بغیر کیسے اضافہ کیا، کمشنر کراچی ڈیری فارمرز کو طلب کریں اور دودھ کی قیمت میں اضافہ واپس کروائیں۔

اسماعیل راہو نے کہا کہ وفاقی بجٹ کے بعد عوام کی چیخیں نکل گئی ہیں، کمر توڑ مہنگائی میں عوام پر مزید بوجھ نہیں ڈالا جائیگا۔

صوبائی وزیر رسد و قیمت نے کہا کہ اس مہنگائی کے طوفان میں وفاقی حکومتی اراکین کے علاوہ ہر طبقہ لپیٹ میں آیاہے، خان صاحب نےصرف رانا کی گرفتاری پر یوٹرن نہیں لیا باقی سب پر یوٹرن لیا ہے، عوام مہنگائی کے طوفان سے بہت پریشان ہے، حکومت مہنگائی کو کنٹرول نہیں کررہی۔

تازہ ترین