کراچی (جنگ نیوز) صوبائی وزیر بلدیات خیبر پختونخوا شہرام خان ترکئی نے کہاہے کہ میں کبھی سیاست میں نہیں آنا چاہتا تھا۔ غصے کا اظہار مسکراہٹ سے کرتا ہوں ، محمود خان کو بطور وزیر اعلیٰ قبول کیا ہے ۔ اِن خیالات کا اظہار اُنہوں نے ”جیونیوز“ کے پروگرام ”ایک دِن جیو کے ساتھ“ میں میزبان سہیل وڑائچ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ شہرام خان ترکئی کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی میں جانے سے پہلے ہمارے خاندان سے ایک ایم این اے اور پانچ ایم پی اے تھے۔ صوابی کی 16سے 18لاکھ عوام کا روزگار تمباکو کی فصل سے جڑا ہے ۔ صوبائی وزیر بلدیات خیبرپختونخوا کا تفصیلی انٹرویو ناظرین اتوار کی شام7 بجکر5منٹ پر دیکھ سکیں گے۔ ٭ چوہدری نثار، شبر زیدی اور نعیم الحق (ڈمیز) اپنے انوکھے دُکھڑے ”خبرناک“ میں پیش کریں گے۔ (ڈمی) چوہدری نثار نے کہا کہ الیکشن ہارنے سے عزت ہی نہیں پیسے میں بھی کمی آتی ہے۔ میرا مشورہ مانتے تو کال کوٹھڑی مقدر نہ بنتی۔ (ڈمی) نعیم الحق بولے کہ عمران سے دوستی ہوتی تو آج وزیراعلیٰ ضرور ہوتا۔ کپتان کے چہرے سے نظر نہیں ہٹتی مہنگائی ہم کیا دیکھیں؟۔(ڈمی) شبر زیدی نے اعلان کیا کہ ”شبر آ نہیں رہا شبر آ گیا ہے“۔ اب ایف بی آر ہانڈی اور ٹُھمکوں کا بھی حساب لے گا۔ طنز و مزاح سے بھر پور شو علی میر اور عائشہ جہانزیب کے ساتھ رات11 بجکر5منٹ پر دکھایا جائے گا۔