• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دادو، اسکول کی خالی عمارت میں تھانہ منتقل

دادو میں پرائمری اسکول کی خالی عمارت میں پولیس نے تھانہ بنا ڈالا، بورڈ لگا دیا اور سامان رکھ دیا،تعلقہ ایجوکیشن آفیسرنے عمارت خالی کرنے کے لئے محکمہ پولیس کو نوٹس ارسال کر دیا ۔

دادوکی تحصیل کاچھو کے گاؤں گاجی شاہ کے پرائمری اسکول میں پولیس اسٹیشن قائم کر دیا گیا، مقامی افراد کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکاروں نے اسکول میں کئی دن سے ڈیرے ڈال رکھے ہیں۔

تعلقہ ایجوکیشن آفیسر زبیدہ میمن کے مطابق شکایت ملنے پر اسکول کی عمارت کا معائنہ کیا، اس موقع پر پولیس اہلکاروں نے  بتایا کہ تھانے کی عمارت میں مرمتی کام کے باعث عارضی طور پر پناہ لی ہے، ایجوکیشن افسر کی جانب سے عمارت خالی کرنے کا نوٹس محکمہ پولیس کو ارسال کر دیا گیا ہے۔

پولیس اہلکاروں نے پیر تک عمارت خالی کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے، ادھر ٹی ای او دادو خادم حسین جمالی نے بتایا کہ اسکول کی عمارت خالی تھی، گاؤں میں پہلے ہی دو بوائز اور پرائمری اسکول فعال ہیں ۔

ایس ایس پی فرخ رضا کے مطابق واقعے کا علم نہیں لیکن ایسا نہیں ہونا چاہیے تھا، واقعے کی تحقیقات کرائیں گے۔

تازہ ترین