آٹھ مقام،مظفرآباد (نمائندگان جنگ، خبر ایجنسیاں) وادیٔ نیلم کے علاقہ لیسواء میں کلاؤڈ برسٹ کے نتیجے میں ہونے والی طوفانی بارش، سیلابی ریلے اور آسمانی بجلی گرنے کی وجہ سے تین گاؤں ملبے کا ڈھیر بن گئے، 28 افراد شہید اور متعدد لاپتہ ہو گئے، 160 مکانات بری طرح متاثر ہوئے جبکہ 71 دکانیں، 2 مساجد اور متعدد گاڑیاں نالہ لیسواء میں طغیانی کی وجہ سے بہہ گئیں، بجلی اور مواصلات کا نظام درہم برہم ہو گیا۔
دوسری جانب صحرائے تھر میں چلنے والی تیز طوفانی گرد آلود ہوائوں نے صحرائی طوفان کی شکل اختیار کر لی جس نے تباہی مچا کر رکھ دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اتوار کی شب 8 بجے شدید آندھی اور طوفانِ باد و باراں کا سلسلہ شروع ہوا، آسمانی بجلی گرنے سے ضلع آٹھ مقام کی زیریں سب ویلی لیسواء کے نالۂ لیسواء میں شدید طغیانی آگئی جس سے 3 گاؤں اپر بیلہ، لوئر بیلہ، جندراں اور لیسواء بازار صفحۂ ہستی سے مٹ گئے۔
پولیس کے مطابق کم از کم 160 مکانات تباہ ہوئے ہیں جبکہ 71 سے زائد دکانیں، 2 مساجد اور متعدد گاڑیاں بہہ گئی ہیں،مختلف حادثات میں تبلیغی جماعت کے 12 افراد سمیت 28 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔
لیسواء ویلی کو ملانے والے تمام راستے منقطع ہو گئے ہیں، ضلعی انتظامیہ یا ریسکیو کرنے والے اداروں کو رسائی کے لیے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے تاہم جاں بحق ہونے والے افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو نکالنے کے لیے ریسیکیو آپریشن شروع کر دیا گیا ہے جس کے دوران جاں بحق افراد کی میتیں نکال لی گئی ہیں۔