اسلام آباد(نمائندہ جنگ) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ شاہد خاقان عباسی کا چیلنج قبول ہے، چوری کا ”کھرا“ برطانیہ جا رہا ہے، ابھی اور ملکوں میں بھی جائے گا اور انکشافات ہونے ابھی باقی ہیں، پہلی حکومت ہے جو چوروں کو گھر تک پہنچارہی ہے،چوری اور سینہ زوری اب نہیں چلے گی۔منگل کو اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ لوٹا مال واپس کرنا پڑے گا،یہ 22 کروڑ عوام کا مقدمہ ہے۔انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہد خاقان عباسی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف جو کہتے ہیں وہ کرتے نہیں۔ انہوں نے زرداری کو سڑکوں پر گھسیٹنا تھا لیکن گلے لگا لیا، دھیلے کی کرپشن ثابت ہونے پر سیاست چھوڑنے کا بھی اعلان کیا تھا، چھ ماہ میں بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم نہ ہونے پر نام بدلنے کا وعدہ بھی بھول گئے تھے۔