• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جیوفلمز کی ”ہیر مان جا“ کے پہلے گیت نے دھڑکنیں تیز کردیں

کراچی (محمد ناصر) ”جیوفلمز “اور ”آئی آر کے فلمز “ کے اشتراک سے بڑی عید پر ریلیز ہونے والی بڑی فلم ” ہیر مان جا“ کا پہلا شاندار گیت ” ادی مار“ ریلیز کردیا گیا ہے جس نے آتے ہی ہر طرف دھوم مچانا شروع کردی ہے۔ شادی کے موقع پر پنجابی گیت کو ہیر بی سہارا اور نندی کور نے اپنی سریلی آواز وں سے چار چاند لگا دیئے ہیں جبکہ موسیقی نے اس گانے کو مزید نکھار دیا ہے۔ بڑی عید کی بڑی شاہکار فلم کا بہترین گانا سب کو بھانے لگا ہے جس نے فلم بینوں کے انتظار کو بھی بڑھا دیا ہے۔ اُمید کی جارہی ہے کہ نیا گیت لوگوں کے دِلوں پر کئی عرصے تک راج کرے گا۔ ”ہیرمان جا“ کے اس گیت سے ماضی کی سپر ہٹ اداکارہ ”زارا شیخ“ کی بھی بڑے پردے پر واپسی ہوئی ہے۔ یہ گانا فلم کے ہیرو علی رحمان خان اور زارا شیخ پر انتہائی خوبصورتی سے عکس بند کیا گیا ہے۔ زارا شیخ کے رقص نے بھی اُن کے پرستاروں کی دھڑکنیں بڑھا دی ہیں۔ اس گیت کی کوریو گرافی فیضان الدین کی ہے۔ ”ادی مار“ ایک شاندار سیٹ پر عکس بند ہوا ہے جس میں دِل چھو لینے والی موسیقی ، خوبصورت رنگ ، اور جاندار رقص شامل ہے جس نے دیکھنے اور سننے والوں کو اپنے سحر میں جکڑنا شروع کردیا ہے۔ اس فلم میں خوشیاں بھی ہیں، جذبات بھی ، ایکشن بھی ہے تو سسپنس بھی ، اس کے علاوہ ناظرین اس کہانی میں بہترین کامیڈی سے بھی خوب لطف اندوز ہوں گے۔ محبت، جذبات، احساس، مستی اور رومانس کے ساتھ بھر پور انٹرٹینمنٹ اس فلم کی خصوصیات ہیں۔ ”ہیر مان جا“ کے پروڈیوسر عمران رضا کاظمی ، حریم فاروق اور عارف لاکھانی ہیں جبکہ فلم کی ہدایات اظفر جعفری نے دی ہیں ۔ ”ہیر مان جا“ کے مرکزی کردار علی رحمان خان اور حریم فاروق ہیں جبکہ عابد علی، موجس حسن، فیضان شیخ، شمائل خٹک، شاز علی خان، میکال ذوالفقار، احمد علی اکبر، زارا شیخ، امینہ شیخ، سلیم معراج اور دیگر بھی اہم کرداروں میں اپنا جلوہ دکھائیں گے۔ موج مستیوں سے بھر پور فلم ڈسٹری بیوشن کلب کے تحت عید الاضحی پر ملک بھر کے سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔
تازہ ترین