ملتان (سٹاف رپورٹر) سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویزالہٰی نے کہا ہے کہ ملتان کے صحافیوں کے حقوق کا مکمل تحفظ کیا جائے گا، بہت جلد وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے ہمراہ ملتان اور جنوبی پنجاب کا دورہ کروں گا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے صدر پریس کلب ملتان شکیل انجم سے ملاقات کے دوران کیا،انہوں نے کہا کہ جن الاٹیز نے اپنی فائلیں مکمل کر کے فاؤنڈیشن کو بھجوا دی ہیں ان کے این او سی جاری کر دئیے گئے ہیں اور پلاٹوں کی ٹرانسفر کیلئے بھی خصوصی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملتان کی صحافی کالونی کے مسائل کو حل کرنے کیلئے وزیراعلیٰ سے بات کی ہے اور بہت جلد فاؤنڈیشن کی ٹیم ملتان آ کر پلاٹوں کے ٹرانسفر کا طریقہ کار متعین کرے گی اس کے علاوہ ملتان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے بقایا جات کی ادائیگی کیلئے سیکرٹری اطلاعات پنجاب راجہ جہانگیر انور کو بھی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ یہ رقم فوری طور پر ایم ڈی اے کے اکاؤنٹ میں ٹرانسفر کی جائے، وزیراعلیٰ کے ساتھ مل کر جلد ملتان میں صحافی کالونی فیز II کا بھی سنگ بنیاد رکھیں گے۔