اسلام آباد(نمائندہ جنگ) وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا ہے کہ پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی قوت ہے جو بھارت سمیت خطہ کے تمام ممالک سے دوطرفہ تعلقات چاہتا ہے، دنیا میں جس طرح دیگر ایٹمی ممالک پاکستان، ایران، کوریا اور دیگر کو زیر بحث لایا جاتا ہے اس طرح اسرائیل کے ایٹمی پروگرامز کو بھی زیر بحث لانا چاہئے، پاکستان کا ایٹمی پروگرام صرف اسکے دفاع کے لیے ہے، ہم خطہ میں امن کے خواہاں ہیں انتشار نہیں چاہتے ۔ بدھ کو اسٹرٹیجک اسٹڈیز انسٹی ٹیوٹ اسلام آباد کے زیر اہتمام ”نیوکلیئر آرم کنٹرول۔چیلنجز اینڈ پراسپکٹس“ کے موضوع سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے شیریں مزاری نے کہا کہ دنیا میں جس طرح دیگر ایٹمی ممالک پاکستان، ایران، کوریا اور دیگر کو زیر بحث لایا جاتا ہے اور ان پر پابندیاں لگائی جاتی ہیں اس طرح اسرائیل کے ایٹمی پروگرام کو بھی زیر بحث لانا چاہیے۔