یہ بات زبان زد خاص و عام کہ عمر میں کیا رکھا ہے، دل جوان ہونا چاہئے یا پھر عمر محض ایک ہندسہ ہے۔ کہنے اور سننے میں تو یہ باتیں بہت اچھی لگتی ہیں، لیکن حقیقت یہی ہے کہ ہر گزرتا لمحہ آپ کی عمر گھٹا رہاہے اور آپ کو پیرانہ سالی کی طرف لے جارہا ہے۔ اکثر لوگوں کو جوانی گزارنے یہاں تک کہ ادھیڑ عمر ہونے کے بعد ہوش آتاہے کہ اگر وہ اپنا طرزِ زندگی بہت پہلےہی تبدیل کرلیتے تو حالات یکسر مختلف ہوتے۔ اگر آپ ایک صحت مند زندگی گزارنا چاہتے ہیں تو آپ کو اس مضمون کے ذریعے اپنی عمر کے مطابق ابھی سے اپنے طرزِ زندگی پر نظر ثانی کرنے کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔
جیسے ہی آپ کی عمر 30سال کی حد عبور کرجائے تو آپ کو اپنے معمولات میں تبدیلی لاتے ہوئے اپنے لیے وقت نکالنا بہت ضروری ہوجاتا ہے، مثلاً اگر آپ صبح یا شام کو چہل قدمی کرنا اپنا معمول بنالیتے ہیں اور کبھی ناغہ نہیں کرتے تو آپ70سال کی عمر میں بھی اتنی ہی آسانی اور مزے چہل قدمی کررہے ہوں گے اور تھکن نہیں ہوگی۔ یہ بالکل ایساہی ہے کہ آپ کم وزن سے ایکسرسائز کا آغاز کریں اور جیسے جیسے وقت گزرتا جائے گا تو آپ کے زائد وزن اٹھانے کی صلاحیت بھی بڑھتی چلی جائے گی۔ خیر یہ تو ایک مثال تھی کہ کوئی بھی چیز مستقل مزاجی سے کی جائے تو وہ آپ کی زندگی کا حصہ بن جاتی ہے اور آپ اسے غیر محسوس طریقے سے کرنا شروع ہوجاتے ہیں۔ اگر اس وقت آپ کی عمر تیس سال سے اوپر ہے تو آپ کو درج ذیل مشوروں پر عمل کرنے کی بہت ضرورت ہے۔
اپنی جِلد پر مہربان رہیں
جِلد آپ کے جسم کا ایک اہم عضو ہے، اگر اس کی دیکھ بھال اچھی طرح کی جائے تو یہ پورے جسم کی دیکھ بھال میں لگی رہتی ہے، ساتھ ہی جسم کے درجہ حرارت کو کنٹرول اور حِس کو زندہ رکھتی ہے۔ اس کے علاوہ آپ کو چاہئے کہ:
٭ باہر نکلتے وقت سن اسکرین لگائیں
٭ ہر سال اسکن کینسر اسکریننگ کروائیں
٭ اینٹی ایجنگ اسکن کیئر روٹین اپنائیں
٭ جِلد کیلئے موزوں پروڈکٹس استعمال کریں
٭ پانی زیادہ سے زیادہ پیاکریں
ایکسرسائز کو معمول بنائیں
ایکسرسائز کا معمول آپ کو بیماریوںسے دوررکھتا ہے ، خاص طور پر دل کے امراض اور کینسر کے خلاف متحرک رکھتاہے۔ ایکسرسائز سے ذہنی تناؤ میں کمی کے علاوہ نیند، جِلداور ہڈیوں کی صحت میں بہتری آتی اور موڈ بہتر رہتاہے۔ ماہرین صحت تجویز کرتے ہیں کہ ہفتے میں ڈھائی سے پانچ گھنٹے کی عام اور سوا سے ڈھائی گھنٹے کی تیز ایکسرسائز یا دونوں کا امتزاج آپ کے عضلات کو مضبوط بناتاہے۔ یہ ایکسرسائز واکنگ، سوئمنگ، سائیکلنگ اور ویٹ لفٹنگ پر مشتمل ہو سکتی ہے۔
خوراک کاخیال رکھیں
اپنی عمر کے مطابق غذائوں کا انتخاب آپ کی عمر میں اضافے کا باعث بنتا ہے۔ ماہرین غذائیت کے مطابق آپ کو درج ذیل غذائوں کو اپنی خوراک کا حصہ بنانا چاہئے۔
٭ پھل اور سبزیاں استعمال کریں۔
٭ روکھا پروٹین، جیسے مچھلی اور پھلی کھائیں۔
٭ روزانہ کم سے کم تین اونس بغیر چھنا دلیہ، بغیر چھنے آٹے کی روٹی ، چاول اور پاستا لیں۔
٭ کم چکنائی والی ڈیری مصنوعات جیسے کہ دودھ، دہی اور پنیر وغیرہ جن میں وٹامن ڈی ہوتاہے ۔
٭ صحت بخش چکنائی کھائیں۔
٭پروسیس کی ہوئی غذائوں، ریفائنڈ شوگر اور غیر صحت بخش چکنائی ( مرغن غذائوں ) سے پرہیز کریں۔
٭نمک کا استعمال کم سے کم کریں تاکہ بلڈ پریشر کی سطح کم رہے۔
٭ تمباکو نوشی سے پرہیز کریں۔
ذہنی دباؤ کم سے کم لیں
ذہنی دباؤ صرف آپ کی ذہنی ہی نہیں جسمانی صحت کو بھی متاثر کرتاہے۔ اس طرح وقت سے پہلے آپ کے چہرے پر جھریاں پڑنے اور دل کی بیماریاں ہونے کے مواقع بڑھنے لگتے ہیں۔ ا سی لیے ذہنی دباؤ کو دور یا کم کرنے کیلئے ریلیکس ہونے کی تکنیکس اپنائیں جیسے کہ مراقبہ، سانس کی مشقیں، یوگا، بھرپور نیند اور دوستوں سے بات چیت وغیرہ۔ پنج وقتہ نماز کی عادت بھی ذہنی دباؤ کو کم کرنےمیں بہت مدد دیتی ہے۔
نئے مشغلے اپنائیں
ایک جیسےمشاغل سے انسان اُکتا بھی جاتاہے، نت نئی چیزیں کرنے سے نہ صرف زندگی کی رونق باقی رہتی ہے بلکہ ہمارے اندر نیا جذبہ بھی پیدا ہوتاہے۔ باغبانی، شطرنج، ٹیوشن پڑھانا، نئی زبانیں سیکھنے وغیرہ جیسے مشاغل آپ کو ذہنی طور پر متحرک اورجینے کی امنگ کو تازہ رکھتے ہیں۔
میل جو ل بڑھائیں
دوست احباب سے ملنا جلنا زیادہ کردیں۔ اپنی باتیں کریں، ان کی باتیں سنیں۔ دوسروں کے مسائل سن کر اپنی سمجھ بوجھ کے مطابق انھیں مشورہ دیں۔ اپنی پریشانی کادوسرے سے ذکر کرکے اسے دور کرنے کے مشورے حاصل کریں۔ دوسروں کی غلطیاں معاف کریں۔ اپنےخیالات اپنے بچوں سے شیئر کریں اور ان سے ان کے روزانہ کے معمولات کے بارے میں بات کریں۔