افغانستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ جوناتھن ٹراٹ نے کہا ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف اہم ترین میچ کےلیے اچھی تیاری ہوئی ہے۔
لاہور میں انگلینڈ کے خلاف تاریخی فتح کے بعد پریس کانفرنس میں جوناتھن ٹراٹ نے کہا کہ افغانستان ٹیم کےلیے 325 رنز کرنا بہت اچھا ثابت ہوا۔
انہوں نے کہا کہ بیٹرز نے معیار دکھایا اور دباؤ میں اچھا کھیلے، ابراہیم زادران نے یادگار اننگز کھیلی، پاور پلے میں 3 وکٹیں گرنے کے بعد رنز بنانا آسان نہیں تھا۔
افغان ہیڈکوچ نے مزید کہا کہ امید ہے جمعے کو آسٹریلیا کے خلاف بھی ایسی ہی اننگز کھیلیں گے۔ آسٹریلیا کے خلاف اہم میچ کےلیے اچھی تیاری ہوئی ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ افغان فینز نے بہت انجوائے کیا، فینز جمعے کو میچ کےلیے تیار رہیں۔
انہوں نے کہا کہ سب سے اہم خود پر اعتماد ہے، کامیابی پوری ٹیم کی محنت کا نتیجہ ہے۔ ہماری ٹیم کے کھلاڑی فائٹ کرنا جانتے ہیں، انہیں کھیل سے آگاہی بھی ہے۔