اسلام آباد (نمائندہ جنگ)آل پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر محمد امجد نے کہا ہے کہ پرویز مشرف نے کسی سے بھی کسی قسم کا کوئی معاہدہ نہیں کیا ہے اور علاج معالجہ مکمل ہوتے ہی وطن واپس آ جائیں گے، اعتزاز احسن پرویز مشرف کے خلاف جھوٹا پروپیگنڈہ کرنے کی بجائے جواب دیں کہ آصف زرداری وطن کیوں نہیں آتے ؟ انہوں نے پرویز مشرف کے دوبئی میں پارٹی اجلاس طلب کرنے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی رہنما اور کارکن پرویز مشرف کی رہائش گاہ پر ان سے ملنے آئے ہیں، یہ پارٹی اجلاس نہیں تھا۔ انہوں نے جمعہ کے روز جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ پی پی کے رہنما اعتزاز احسن جھوٹا بیان دے رہے ہیں کہ پرویز مشرف نے دوبئی میں پارٹی اجلاس طلب کر لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کو غدار قرار دینے والے اعتزاز احسن ان لسٹوں کے بارے میں عوام کو بتائیں جو انہوں نے بھارت کو فراہم کر کے ملکی مفاد کو نقصان پہنچایا اور قوم سے غداری کی تھی۔ اعتزاز احسن کا آصف زرداری کی کرپشن کے بارے میں کیا خیال ہے؟ پرویز مشرف علاج معالجہ مکمل ہوتے ہی وطن واپس آ جائیں گے۔