مسلم لیگ نون کے رہنما اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیش کیا گیا، عدالت نے ان کا 13 روزہ ریمانڈ منظور کر لیا۔
شاہد خاقان عباسی پر ایل این جی ٹرمینل کے معاملے میں اختیارات کے ناجائز استعمال اور قومی خزانے کو ڈیڑھ ارب روپے کا نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔
احتساب عدالت نے نیب حکام کو حکم دیا کہ شاہد خاقان عباسی کو یکم اگست کو دوبارہ پیش کیا جائے۔
عدالت میں پیشی کے موقع پر سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کے دوران کہا کہ مجھ پر دائر کیا گیا کیس تو کاغذ پر لکھنے کے قابل بھی نہیں ہے۔
واضح رہے کہ نیب کی ٹیم نے گزشتہ روز شاہد خاقان عباسی کو لاہور میں ٹول پلازہ ٹھوکر نیاز بیگ کے قریب ایل این جی کیس میں گرفتار کیا تھا۔
نیب راولپنڈی نے اسی کیس میں انہیں گزشتہ روز طلب کر رکھا تھا تاہم وہ تفتیش کے لیے نیب کے سامنے پیش نہیں ہوئے تو نیب کی ٹیم انہیں گرفتار کرنے پہنچ گئی تھی۔
نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری کا فیصلہ سابق سیکریٹری پیٹرولیم عابد سعید کے ان کے خلاف وعدہ معاف گواہ بننے کے بعد کیا گیا۔