• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شاہدخاقان عباسی کی گرفتاری کیخلاف لیگی کارکنوں کااحتجاجی مظاہرہ

اسلام آباد( نمائندہ جنگ) مسلم لیگ(ن) کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری کیخلاف جمعہ کو لیگی کارکنوں نے نیشنل پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا،ن لیگ کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات مریم اور نگزیب، فیڈرل کیپٹل کے صدر طارق فضل چودھری، شاہد خاقان عباسی کی ہمشیرہ بیرسٹر سعدیہ عباسی،رکن قومی اسمبلی طاہرہ اور نگزیب اوردیگر نے قیادت کی، مظاہرے میں شاہد خاقان عباسی کے آبائی حلقے این اے ستاون مری اور اسلام آباد کے کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی،مریم اورنگزیب نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی کا قصور نواز شریف کا نہ بکنے اور نہ جھکنے والا ساتھی ہونا ہے، نیب کی ٹیم بنا وارنٹ گرفتار کرنے آئی اور ٹانگیں کانپ رہی تھیں،انہوں نے مزید کہا نالائق وزیراعظم اپنی نالائقی نیب کے پیچھے چھپا رہے ہیں، مسلم لیگ ن کا قصور منتخب ہونا ہے نہ کہ سلیکٹ ہونا ۔طاہرہ اور نگزیب نے کہا کہ نالائق لیڈر کی حکومت ہے جو پاکستان کو نقصان پہنچا رہے ہیں، منتخب نمائندوں کی گرفتاریاں انکی پاکستان کیلئے خدمات کے سبب ہیں، جیلیں بھری جا رہی ہیں مگر پاکستانی معیشت اور قوم کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے آج بھی گیس موجود ہونے کی وجہ شاہد خاقان کا گیس پلان ہے ، طارق فضل چودھری نے کہا گرفتاری کا انداز شرمناک ہے قوم کو معلوم ہے کہ رانا ثنا اللہ اور شاہد خاقان بے گناہ ہیں، بیرسٹرسعدیہ عباسی نے کہا شاہد خاقان 28 سال سے پاکستان کی بقا اور ترقی کیلئے محنت کرتے رہے ہیں نیب کو بی آر ٹی، علیمہ باجی کی چوری اور ترین کے اثاثے دکھائی نہیں دیتے ،سعد رفیق کو ریلوے اور شہباز شریف کو پنجاب ٹھیک کرنے کی سزا مل رہی ہے،ایل این جی کا ٹرمینل جو کوئی نہیں کر پایا شاہد خاقان نے لگایا ۔
تازہ ترین