وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ وزیراعظم کا دورہ امریکا کامیاب ہوا تو نئے انداز سے معاشی بہتری آئے گی۔
میڈیا سے گفتگو میں شیخ رشید نے کہا کہ سلطانی گواہ کے بیان پر ذوالفقار علی بھٹو پھانسی چڑھے، سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے خلاف تو سینئر ترین افسران ہی سلطانی گواہ بن گئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جتنی مرضی اکٹھی ہوجائے، کچھ نہیں ہوگا، ہر آدمی اپنی جان بچاتا ہے، تین، چار بندے زیادہ چیخ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سلطانی گواہ بننا عام بات نہیں، ابھی تو کھیل شروع ہوا ہے، ابھی سے چیخیں نکلنا شروع ہوگئیں، ابھی تو آگے آگے دیکھیے ہوتا ہے کیا۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ اپوزیشن کی چیخوں سے حکومت کو کچھ نہیں ہونے والا، اصل مسئلہ معیشت ہے، وزیراعظم کا دورہ امریکا کامیاب رہا تو معاشی بہتری آئے گی۔
شیخ رشید نے کہا کہ کہا تھا جھاڑو پھرے گی، اب جھاڑو پھرتے پھرتے کونے تک آگئی ہے، مولانا فضل الرحمٰن کو بھی پتہ ہے اس کی زمینیں کس کی ہیں۔