• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا، عمران خان کی پاکستانی بزنس کمیونٹی سے ملاقات

واشنگٹن میں پاکستانی نژاد امریکی کاروباری شخصیت جاوید انور نے تاجروں کے ہمراہ وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی۔

سرمایہ کاروں نےپاکستان میں سیکیورٹی صورتحال کی بہتری کی تعریف اورسیاحت و توانائی سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے امریکی تاجروں اور سرمایہ کاروں کو پیشکش کی کہ وہ پاکستان میں اقتصادی اور کاروباری مواقع سے فائدہ اٹھائیں جو اہم جغرافیائی محل وقوع اور خطے کے دوسرے ممالک کے ساتھ زمینی روابط کا حامل ملک ہے۔

وزیر اعظم سے پاکستانی سفارتحانے میں ٹیکساس سے تعلق رکھنے والے تاجر اور ڈیموکریٹک پارٹی کے بااثر رکن طاہر جاوید کی بھی ملاقات ہوئی۔

  ٹرمپ انتظامیہ نےعمران خان کےدورہ امریکا کو دونوں ملکوں کےتعلقات بہتر بنانے کا موقع قرار دے دیا۔

ٹرمپ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ عمران خان کا دورہ تعاون اور پائیدار شراکت داری کو مستحکم بنانے کا ایک موقع ہے۔

امریکا پاکستان کو یہ پیغام پہنچانا چاہتا ہے کہ تعلقات کی بہتری کے لیےدروازے کھلے ہیں۔

ٹرمپ انتظامیہ کےمطابق ملاقات میں انسداد دہشتگردی، تجارت، توانائی، زراعت اور دیگر معاملات پر بات ہوگی، ٹرمپ انتظامیہ کا کہنا تھا کہ امریکی صدرافغان امن عمل میں پاکستان کی مدد کو سراہتے ہیں۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان آج آئی ایم ایف کے قائم مقام ایم ڈی، عالمی بینک کے صدر اور کاروباری شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔ وزیراعظم پاکستانی کمیونٹی سے خطاب اور پاکستان بزنس سمٹ میں شرکت بھی کریں گے۔

وزیراعظم عمران خان کی 22 جولائی کو وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے جبکہ 23 جولائی کو امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو سے ملاقات ہوگی۔

بعدازاں وزیراعظم عمران خان امریکی تھنک ٹینک انسٹی ٹیوٹ آف پیس اور کیپٹل ہل میں پاکستانی کاکس سے خطاب کریں گے اور امریکی صحافیوں سے بھی ملاقات کریں گے۔

تازہ ترین