• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مری،کہوٹہ اورکوٹلی ستیاں کی تعمیر و ترقی کیلئے اتھارٹی بنانےکا فیصلہ

راولپنڈی(راحت منیر/اپنےرپورٹر سے) مری، کہوٹہ اورکوٹلی ستیاں پر مشتمل پہاڑی علاقوں کی تعمیر و ترقی کیلئے مری کہوٹہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی(ایم کےڈی اے) کی طرز پر اتھارٹی بنانےکا فیصلہ کیا گیا ہے۔جبکہ مری سے سیاحوں کا بوجھ کم کرنے کیلئے کہوٹہ اور کوٹلی ستیاں کے پرفضا خوبصورت پہاڑی علاقوں کو ترجیحی بنیادوں پر عوامی دلچسپی کا محور بنانے کی منصوبہ بندی بھی شروع کردی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق اس مقصد کیلئے کمشنر راولپنڈی ڈویژن کیپٹن ریٹائرڈ ثاقب ظفر اور پہاڑی تحصیلوں کی منتخب قیادت ایک پیج پر ہے اور ملکر کام و منصوبہ بندی کو آگے بڑھایا جارہا ہے۔منتخب قیادت نے پہاڑی علاقوں میں یکساں ترقی اور انفراسٹرکچر کی بہتری کیلئے ایم کے ڈی اے کی بحالی یا اس جیسی نئی اتھارٹی میں بھی دلچسپی کا اظہارکیا ہے۔باخبر ذرائع کے مطابق کہوٹہ و کوٹلی ستیاں کے علاقوں میں سیاحتی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے پہلے مرحلے میں سڑکوں کی بہتری کے ساتھ سائن بورڈز اور کھانےپینےکی بنیادی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔عوام کی توجہ بڑھنے پر چیئر لفٹ اور دیگر سہولتوں کو بتدریج بڑھا کر عوامی دلچسپی میں اضافہ کیا جائے گا۔تاریخی اور سیاحتی پوائنٹس کو انفراسٹرکچر کی ترقی میں ترجیح دی جائے گی۔ذرائع کے مطابق کہوٹہ کے علاقے نٹر،پنج پیرکوٹلی ستیاں میں دھنوئی جنگل سمیت دیگر علاقوں کی فزیبیلٹی پنجاب ٹورازم ڈیپارٹمنٹ اور دیگر ماہرین تیار کررہےہیں۔جس کی حتمی منظوری وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدارسےکمشنر راولپنڈی ڈویژن ثاقب ظفر لیں گے۔رکن صوبائی اسمبلی میجر (ر) لطاسب ستی اور دوسرے نمائندے آن بورڈ ہیں۔
تازہ ترین