نئے فرسٹ کلاس ماڈل میں کوئٹہ میں دوبارہ میچزہوسکیں گے۔ بگٹی اسٹیڈیم کوئٹہ پانچ فرسٹ کلاس میچوں کی میزبانی کرے گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ وزیر اعظم عمران خان کے وژن کو عملی شکل دیتے ہوئے ڈومیسٹک ڈھانچے کو نئی شکل میں لارہا ہے۔ چاروں صوبوں کی ایک ایک، وفاقی دارالحکومت اور گلگت بلتستان، آزاد کشمیر کی ایک ایک ٹیم ہوگی۔ حیران کن طور پر کراچی کے ساتھ سندھ بھر کی ایک ٹیم ہوگی۔ ہر ٹیم اپنے شہر میں ہوم میچ کھیلے گی۔
بلوچستان کی ٹیم اپنے ہوم میچ بگٹی اسٹیڈیم کوئٹہ میں کھیلے گی۔ اس طرح ملک کے ایک اور فرسٹ کلاس سینٹر میں فرسٹ کلاس میچوں کا دوبارہ انعقاد ہوسکے گا۔
بلوچستان میں جاری دہشت گردی کی وجہ سے بگٹی اسٹیڈیم میں فرسٹ کلاس میچوں کی سرگرمیاں معطل تھیں۔ پی سی بی اس وقت بگٹی اسٹیڈیم کو پرانی شکل میں لانے کے لئے محنت کررہا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ حکام چاہتے ہیں کہ بلوچستان میں انٹرنیشنل میچوں کا سلسلہ بھی شروع ہو۔ توقع ہے کہ پی سی بی آئین میں ترمیم کے بعد ستمبر میں قائد اعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ شروع ہوگا ۔اگر آئین میں ترمیم تاخیر کا شکار ہوگئی تو پہلے انڈر 19اور پھر قائد اعظم ٹرافی کو شروع کیا جائے گا۔