مسلم لیگ نون کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عمران صاحب نے تسلیم کر لیا کہ میڈیا ’قابو‘ سے باہر ہو جاتا ہے، ان کی حکومت واچ ڈاگ کے ذریعے میڈیا کو کنٹرول کر رہی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مریم اورنگزیب نے ایک بیان میں وزیر اعظم عمران خان کے امریکی تھنک ٹینک سے خطاب کے نکات کی مذمت کی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ عمران صاحب قدرت نے آپ سے ہر وہ بات کہلوائی جس پہ آپ نے نواز شریف کو غدار کہا، آپ کی ایک ایک بات نے نوازشریف کو سُرخرو کیا۔
ترجمان نون لیگ نے کہا کہ عمران صاحب آپ نے پاکستان میں جانبداری کے الزامات لگا کر میڈیا کی ساکھ کو نقصان پہنچایا۔
انہوں نے کہا کہ عمران صاحب نےکہا تھا کہ آزاد میڈیا کا انہیں فائدہ ہوا، پھر میڈیا پر ’کرپٹ‘ اور ’مافیا‘ ہونے کا الزام لگا دیا، عمران صاحب مافیا چندوں سے بیرونِ ملک جائیدادیں خریدتی ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب مافیا ایمنسٹی اسکیمز سے فائدہ اٹھاتی، 18 جعلی اکاؤنٹس چھپاتی، کمزوروں کے گھر گراتی اور اپنا گھر ریگولرائز کرا لیتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران صاحب مافیا وہ ہوتی ہے جو منتخب وزیر اعظم کے خلاف سازش کرتی ہے، جو پاکستان کے دوست ممالک پر الزام لگاتی ہے۔
نون لیگ کی ترجمان کا یہ بھی کہنا ہے کہ عمران صاحب مافیا وہ ہوتی ہے جو ہر مخالف آواز کو بند کر دیتی ہے، مافیا وہ ہے جس نے عوام کی روٹی، کاروبار اور روزگار بند کر دیا ہے۔