• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سینیٹ چیئرمین کا الیکشن حاصل بزنجو ہی جیتیں گے، بلاول بھٹو

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سینیٹ چیئرمین کے الیکشن میں حاصل بزنجو ہی کامیاب ہوں گے۔

بلاول بھٹو نے کراچی میں پارٹی کے میڈیا سیل میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، نفیسہ شاہ اور سعید غنی کے ہمراہ پریس کانفرنس کی۔


انہوں نے کہا کہ 25جولائی کو پورے ملک میں یوم سیاہ منایا جائے گا، عوام اپوزیشن کے جلسوں میں بھرپور شرکت کریں اور سلیکٹڈ حکومت کے خلاف باہر نکلیں۔

پی پی چیئرمین نے مزید کہا کہ این اے 205 کا ضمنی الیکشن کٹھ پتلیوں کے لئے پیغام ہے، گھوٹکی الیکشن ایک ٹریلر تھا، دوسرا الیکشن سینیٹ کا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے سینیٹرز کو بہت سی آفرز ہورہی ہیں، انہیں یقین ہے کہ حکومت کے نمبرز پورے نہیں ہوں گے۔

بلاول بھٹو نے یہ بھی کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے دورہ امریکا میں جھوٹے دعوے کئے، پاکستان کو افغانستان کے معاملے میں زیادہ وعدوں سے گریز کرنا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان وزیراعظم بنیں، فاشسٹ نہ بنیں، ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ نواز شریف سمیت تمام قیدیوں کو صحت کی سہولتیں فراہم کرے۔

بلاول بھٹو نے استفسار کیا کہ کیا امریکی صدر کے کہنے پر وزیراعظم عمران خان کو سلیکٹڈ کہنا چھوڑدیں؟ سلیکٹڈ، سلیکٹڈ ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسی نے وزیر اعظم سے این آر او نہیں مانگا، وہ خود اپنی حکومت بچانے کے لئے این آر او کی باتیں کرتے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں بلاول بھٹو نے کہا کہ سی پیک پاکستان کے مفاد کا منصوبہ ہے، اس پر پیپلز پارٹی کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔

تازہ ترین