• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت، امریکا پر شک و شبے کا اظہار کررہا ہے، شاہ محمود

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت تو امریکا کو اپنا اسٹریٹیجک پارٹنر کہتا ہے، مگر آج وہ اپنے ہی اسٹریٹیجک پارٹنر پر شک و شبے کا اظہار کررہا ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں انہوں نے کہا کہ بھارت ایک طرف تو کہتا ہے کہ مذاکرات صرف دو طرفہ ہو سکتے ہیں، تو پھر وہ پاکستان کے ساتھ مذاکرات کی میز پر کیوں نہیں بیٹھتا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ کہا کہ ثالثی کے لیے انہیں خود بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان سے دو طرفہ مذاکرات کرنا چاہتا ہے یا ثالث کے ذریعے، ہم دونوں کے لیے تیار ہیں۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عمران خان سے ملاقات میں کہا تھا کہ بھارتی وزیر اعظم نے مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیش کش کی تھی، دوسری جانب بھارتی حکومت اس بات کو ماننے سے انکار کر رہی ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیر لیری کڈلو سے کشمیر پر ثالثی سے متعلق امریکی صدر کے بیان کے بارے میں استفسار کیا تو انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ امریکی صدر خود سے کوئی بات نہیں گھڑتے، میں اس سوال کو ہی انتہائی نامناسب سمجھتا ہوں، ٹرمپ نے جو کہنا تھا وہ کہہ دیا ہے۔

تازہ ترین