ملک میں بالخصوص پنجاب بھر میں پیشی کے لیے عدالت آتے ہوئے، عدالت سے جاتے ہوئے یا عدالت میں ہی مدعیان و ملزمان کے مخالفین کی جانب سے فائرنگ کا نشانہ بنائے جانے کے واقعات میں اضافہ ہو ا ہے، ان واقعات میں بعض اوقات بے گناہ راہ گیر بھی ز د میں آ جاتے ہیں۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے متصل شہر راولپنڈی میں سواں کیمپ روڈ پر 2 کاروں میں سوار افراد کی ایک دوسرے پر فائرنگ سے 7 افراد زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق یہ تمام افراد راہ گیر ہیں جو زمین کے تنازع پر ہونے والی اس فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہو ئے ہیں۔
پولیس کے مطابق بگا شیخاں گاؤں میں زمین کے تنازع پر 2 گروپوں میں مقدمہ چل رہا تھا، آج صبح عدالت میں پیشی کے بعد واپسی پر دونوں گروپوں میں آمنا سامنا ہو گیا۔
کار میں سوار افراد نے سواں کیمپ روڈ پر ایک دوسرے پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار سمیت 7 راہ گیر زخمی ہو گئے۔
تمام زخمی افراد کو ریسکیو 1122 نے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا ہے۔
واقعے کے بعد پولیس نے جائے وقوع پر پہنچ کر تفتیش کا آغاز کر دیا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے واقعے کے خلاف درج کی جانے والی ایف آئی آر میں دہشت گردی کی دفعات بھی شامل کی جائیں گی۔