• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گزشتہ دہائیوں میں گھر کی حفاظت کیلئے چاروں اطراف ایک باؤنڈری وال کھینچ دی جاتی تھی یا پھر باڑ لگادی جاتی تھی۔ تاہم، دور جدید میں نت نئے رجحانات اور انداز نے اس باؤنڈری وال کو ایک نیا رُوپ دیا ہے، جو کہ گھر کی شان بڑھانے میں بھی اہم کردار ادا کرنے لگی ہے۔ ایک عمدہ فینسنگ آپ کو پرائیویسی فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ تحفظ کا احساس بھی دیتی ہے۔ آئیے گھر کیلئے چند بہترین فینسنگ کا ذکر کرتے ہیں۔

سلیٹ فینسنگ

بہت ساری سیدھی بارز یا سلیٹس کے ذریعےبنائی جانے والی سلیٹ فینسنگ (Slat Fencing)پرائیویسی حاصل کرنے کا ایک ورسٹائل آئیڈیا ہے۔ اس قسم کی فینسنگ لکڑی یا دھات سے بنائی جاتی ہے اور ان بارز یاسلیٹس کو افقی یا عمودی سمت میں لگایا جاتاہے۔ سلیٹ فینسنگ کیلئے عموماً المونیم کی پائوڈر کوٹنگ کی جاتی ہے، جس سے یہ ہلکی لیکن پائیدار ہو جاتی ہے۔ اگر آپ کو مختلف رنگوں کی یا پھر اپنے گھر کے پینٹ کی مناسبت سے فینسنگ کروانی ہے تو آپ پاوڈر کوٹنگ میں رنگوں کو شامل کرسکتے ہیں، جس سے نہ صرف فینسنگ خوبصورت لگے گی بلکہ آ پ کا گھر بھی نمایاں نظر آئے گا۔ فینسنگ کے دیگر اسٹائل کے برعکس سلیٹ فینسنگ میں بارز کے درمیان رخنہ ہوتا ہے جس سے سورج کی روشنی یا تازہ ہوا بآسانی اندر داخل ہوتی ہے اور فینسنگ کے ساتھ لگے پھول پودوں کی ضرورت پوری ہوتی رہتی ہے۔

آرائشی اسکرین فینسنگ

آپ کے گھر اور گارڈن کیلئے آرائشی اسکرین فینسنگ (Decorative Fencing) ایک زبردست آئیڈیا ہے۔ دھاتوں سے بنے بڑے بڑے پینلز کو لیزر سے کاٹا جاتا ہے اور پھر اپنی مرضی کے ڈیزائن یا پیٹرن میں ڈھال کر اسے فینسنگ کی شکل دی جاتی ہے۔ اپنی پرائیویسی کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ آپ اس فینسنگ آپشن کے ذریعے اپنے گھر کو ایک شاندار انداز دے سکتے ہیں۔ آرائشی پینل گھر کی فینسنگ کے علاوہ دروازوں یا گیٹ کا کام بھی انجام دے سکتے ہیں۔ اس طرح آپ گھرکی فینسنگ کا دلکش پہلو سامنے آئے گا اور اسے پائیداری اور تحفظ بھی حاصل ہوگا۔

گارڈن اسکرین

ایسے مکانات جو پہلے سے ہی فینسنگ سے گھرے ہوئے ہیں، ان کے لیے یہ گارڈن اسکرین کا آپشن بہت زبردست ہے۔ یعنی آپ نے فینسنگ کے آگے صرف آرائشی باڑ لگانی ہے، جو کہ اسکرین کی طرح دکھائی دیتی ہے۔ ویسے تو گارڈن اسکرین کے بہت سے آپشن دستیاب ہیں لیکن ان میں سے چند مقبول ٹرینڈز کا ذکر کرتے ہیں۔

بیمبو اسکرین

بانسوں سے بنی یہ اسکرین وزن میں ہلکی لیکن پائیدار ہوتی ہے۔ یہ بہت سختی سے بندھے ہوئے رول میں فروخت کی جاتی ہے۔ یہ اسکرین زیادہ مہنگی نہیں ہوتی اور اسے موجودہ فینسنگ کے ساتھ نصب کرنا آسان ہوتا ہے۔ آپ کی پرائیویسی کو بہتر بناتے ہوئے یہ اسکرین گارڈن اور گھر کو قدرتی انداز عطا کرتی ہے۔

لیٹس فینس

لیٹس فینس (Lattice Fence) ہلکی لکڑی جیسے کہ چیڑ سے بنائی جاتی ہے، عموماً اس کاڈیزائن کراس کی شکل میں ہوتا ہے۔ ان لیٹس کو موجودہ فینسنگ کے اوپر منسلک کیا جاسکتا ہے یا پھر اضافی اونچائی کے ذریعے مزید بلند بھی کیا جاسکتاہے۔ ایسا کرنے سے گھرکی پرائیویسی اور سیکیورٹی بھی بڑھ جاتی ہے۔ اس فینسنگ کا ایک اور فائدہ یہ بھی ہوتا ہے کہ اس پر بیلیں چڑھنا شروع ہو جاتی ہیں اور گھر کو ایک قدرتی ماحول مل جاتا ہے۔

اِن فِل فینسنگ

جیسا کہ نام سے ہی ظاہر ہے کہ اس قسم کی فینسنگ دو پلرز کے درمیان لگائی جاتی ہے۔ یہ پلرز عموماً سیمنٹ اور اینٹوں کے ہو تے ہیںاور عمدہ رنگوں سے مزین ہوتے ہیں۔ اِن فِل فینسنگ (In Fill Fencing) پرائیویسی حاصل کرنے کا ایک مقبول آئیڈیا ہے، جو آپ کے گھر کو بھی دلکش انداز دیتا ہے۔

نیچرل فینسنگ

گھر کی زمین میں کئی اقسام کے درخت یا بیل بوٹے وغیرہ اُگائے جاسکتے ہیں، جو بڑھ کر آپ کے گھر کو پرائیویسی فراہم کرسکتے ہیں۔ بڑے اور سدابہار درخت آپ کے گھر کے اردگرد موجود ہوں تو یہ چھوٹے درختوں کے مقابلے میں آپ کے گھر کا بہترین احاطہ کرسکتے ہیں لیکن ان کے پتوں کی کاٹ چھانٹ سے اجتناب کرنا چاہئے۔ ان درختوں کے درمیان جڑی بوٹیوں والی جھاڑیاں لگانے سے آپ کے گھر کو مزید تحفظ اور دلکشی حاصل ہو سکتی ہے۔

متفرق فینسنگ

مذکورہ بالا فینسنگ کے علاوہ بھی کئی دیدہ زیب انداز موجود ہیں، جو آ پ کے گھر کو پرائیویسی کے ساتھ ساتھ دلکشی بھی عطا کرتے ہیں۔ اس کیلئے آپ انٹرنیٹ پرکھوج لگا سکتے ہیں، جہاں موجود تصاویر آپ کو اپنے گھر کے لیے بہترین آپشن منتخب کرنے میں مدد دیں گی۔ 

تازہ ترین