اسلام آباد (حنیف خالد) ایف بی آر قیادت نے کراچی، اسلام آباد، فیصل آباد، بہاولپور، سرگودھا کے ٹیکس کمشنروں کو تبدیل کر دیا ہے۔ جمعہ کی شام سیکرٹری مینجمنٹ، آئی آر۔I ریاض محمد کے دستخطوں سے جاری کئے گئے ٹرانسفر اور پوسٹنگ کے نوٹیفکیشن نمبر 1896 ۔آئی آر ۔ 2019ء جاری کیا ہے جس کے مطابق سید سیدین رضا زیدی کمشنر (زون۔V) کارپوریٹ ریجنل ٹیکس آفس کراچی کو کمشنر آئی آر(اپیلز۔ III) کراچی مقرر کیا ہے جو موجودہ اپیلز کمشنر حیدر علی دھاریجو کے نیشنل مینجمنٹ کورس پر جانے کے بعد ان کی جگہ اپیلز تھری کمشنر آئی آر کا عہدہ سنبھالیں گے۔ سجاد اکبرخان کمشنر آئی آر اپیلز۔II کراچی کا اضافی چارج دیا گیا ہے۔ رفیق الرحمان ڈائریکٹر غیرمنقولہ پراپرٹی سائوتھ کراچی کو کمشنر آئی آر (اپیلز۔IV) کراچی مقرر کیا گیا ہے وہ موجودہ کمشنر ڈاکٹر توقیر ارتضیٰ کے نیشنل مینجمنٹ کورس جانے پر عہدہ سنبھالیں گے۔ ڈاکٹر محمد ادریس کمشنر (زون۔II) ریجنل ٹیکس آفس سرگودھا کو کمشنر آئی آر (اپیلز) سرگودھا تعینات کیا گیا ہے۔ محمد فیصل مشتاق ڈار کمشنر ودہولڈنگ ٹیکس (ڈبلیو ایچ سی زون) آر ٹی او سرگودھا کو کمشنر ان لینڈ ریونیو اپیلز۔I اسلام آباد پوسٹ کیا گیا ہے۔