آپ آف لائن ہیں
جنگ ای پیپر
اتوار20؍ صفرالمظفر 1441ھ 20؍اکتوبر 2019ء
Namaz Timing
  • بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیئرمین و ایگزیکٹوایڈیٹر: میر جاوید رحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
تازہ ترین
آج کا اخبار
کالمز

’ہیر مان جا‘جاندار ٹریلر فلم کی کامیابی کی نوید

جیو فلمز کی جانب سے لالی ووڈ کے احیاء اور اسے ایک بار پھر بلندیوں پر لے جانے کے لیے کی جانے والی کاوشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ نت نئے، منفرد اور اچھوتے موضوعات پر مبنی کہانیوں کے ذریعے جیو فلمز پاکستان فلم انڈسٹری کو ایک بار پھر اپنے پیروں پر کھڑا کرنے کے لیے لازوال کردار ادا کر رہا ہے۔ اس سلسلے کی ایک اور کڑ ی جیو اور آئی آر کے فلمز کےاشتراک سے بننے والی فلم ’’ہیر مان جا‘‘ ہے۔

موجودہ دور کی نامور پاکستانی اداکارہ حریم فاروق اور اداکار علی رحمان خان سے سجی اس فلم کے چرچے گزشتہ کئی روز سے میڈیا پر جاری ہیں۔ ویڈیو شیئرنگ کی معروف ویب سائٹ یوٹیوب پر بھی ان دنوں کامیڈی، رومانس اور ایکشن سے بھرپور فلم ’’ہیر مان جا‘‘کے ٹریلر کی ہی دھوم ہے۔ ٹریلرمیں جہاں فلم کے دلچسپ مناظر کو دکھایا گیا ہے، وہیں فلم کے مقبول گانوں کے بول بھی سنائی دیتے ہیں۔ سین میں عروسی لباس پہنی دلہن ( ہیر) کا گھر سے بھاگ جانا اور علی رحمان (کبیر) کی آسائشوں بھری زندگی میں اچانک اتار چڑھاؤ آنا، پھر کبیر اور ہیر کی رومینٹک لوّ اسٹوری کا آغاز اور ایکشن سین کے ساتھ کامیڈی ڈائیلاگ لیے آمنہ شیخ کا انٹری دینا، یہ سب دلوں کی دھڑکنوں کو تیز تر کرنے کا سبب بن رہا ہے۔ اس ٹریلر کو یوٹیوب پر صرف 24گھنٹوں کے دوران 10لاکھ سے زائدبار دیکھا گیا۔ فلم میں مرکزی کردار ادا کرنے والی اداکارہ حریم فاروق نے بھی ٹریلر کو اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کیا اور واضح الفاظ میں کیپشن درج کیا، ’’جتنا دم ٹریلر میں ہے دوست پیروں تلے زمین نکل جائے گی‘‘۔

سپر ہٹ اداکاروں پر مشتمل کاسٹ

فلم ’’ہیر مان جا‘‘ کی سب سے خاص بات اس کی کاسٹ ہے، جو سپر ہٹ اداکاروں پر مشتمل ہے۔ مرکزی کرداروں میں علی رحمان اور حریم فاروق ہیں تو کہانی میں ایکشن کا تڑکا لگانے کے لیے ولن کا کردار فیضان شیخ نے نبھایا ہے۔ واضح رہے کہ ناظرین فیضان شیخ کو اب تک ٹی وی اسکرین پر کامیڈی کرداروں میں ہی دیکھتے آئے ہیں، یہ پہلی بار ہے کہ فیضان کسی پروجیکٹ میں بطور ولن نظر آئیںگے۔ کامیڈی، ایکشن اور رومانس سے بھری اس فلم میں نئے چہرے کو بھی روشناس کروایا گیا ہے، یہ نیا چہرہ فلم میں اداکار معجز حسن کے ساتھ سپورٹنگ رول نبھاتا شمائل خٹک کا ہے جبکہ میکال ذوالفقار، شاذ علی خان، آمنہ شیخ، زارا شیخ ، عابد علی ، علی کاظمی اور احمد علی اکبر مہمان اداکاروں کے طور پر جلوہ گرہوں گے۔

فلم ’ہیر مان جا‘ کی کہانی

رواں برس مئی میں فلم ’ہیر مان جا‘ کا پہلا ٹیزر جاری ہوتے ہی اندازہ لگایا گیا کہ فلم کی کہانی نہ صرف رومانوی ہے بلکہ ٹوئسٹ اور ایکشن سے بھرپوربھی ہے۔ فلم کے پہلے ٹریلرنے اس خیال کو کافی حد تک درست بھی ثابت کیا لیکن ایک اضافے کے ساتھ،جس میں فیضان شیخ کے ڈائیلاگ یہ ظاہر کررہے ہیں کہ فلم کو ایکشن اور کامیڈی کی تک محدود نہ سمجھا جائے۔

فلم کی کہانی کی بات کی جائے تو ’ہیر مان جا‘ کی اسٹوری کا مرکزی حصہ دو مختلف افراد (ہیر اور کبیر )کے گرد گھومتا دکھائی دے گا۔ یہ دونوں کردار مختلف سوچ رکھنے کے باوجود اپنی زندگی اور مستقبل میں ایک ساتھ رہنے کے حوالے سے انتہائی پر جوش دکھائی دیںگے لیکن جلد ہی ایک سانحہ کا شکار ہو جائیں گے۔فلم میں ہیر کا کردار ایک ایسی شوخ و چنچل لڑکی اور ٹیکسٹائل ڈیزائنر کا ہے جو کہ ایک تنگ نظر روایتی خاندان سے تعلق رکھتی ہے۔ دوسری جانب کبیر کا کردار ہر قسم کی پریشانیوں سے آزاد ایک کامیاب اور مضبوط ارادوں کے مالک آرکیٹیکٹ کا ہے، جو بلند وبالا عمارتوں کی تعمیر کا خواب دیکھتا ہے۔ علی رحمان ’کبیر‘ کے کردار میں سنجیدہ دکھائی دیں گے، فلم میں دیکھنا یہ ہے کہ ان دو پیار کرنے والے لوگوں کو شادی کے لیے کن مشکل مراحل سے گزرنا ہوگا۔ فلم کی کہانی انڈسٹری میں نووارد اویس کورائی بلوچ نے تحریر کی ہے جبکہ فلم کی ہدایات اظفر جعفری نے دی ہیں۔ فلم کے پروڈیوسر عمران رضا کاظمی، حریم فاروق اور عارف لاکھانی ہیں۔

فلم ’ہیر مان جا‘ کو جیو فلمز کی جانب سے بڑی عید کا تحفہ قرار دیا جارہا ہے۔ کاسٹ اور پروڈکشن ٹیم بھی فلم کے حوالے سے اپنی رائے کا اظہار کرتی آئی ہے۔ فلم پروڈیوسر علی کاظمی کے مطابق فلم میں انتہائی ہلکے پھلکے انداز میں غیرت کے نام پر ہونے والے قتل کے واقعات کے مسائل کو اجاگر کیا گیا ہے، دوسری جانب فلم پروڈکشن نے مزاح، ایکشن اور جذبات سے بھرپور کہانی میں شائقین کے پیسے وصول کرانے کے لیے فلم میں کسی قسم کی کوئی کسر نہیں اٹھا رکھی ہے۔

علی رحمان کے مطابق فلم ’ہیر مان جا‘ وہ پہلی فلم ہے جس میں ایک منفرد علی رحمان مرکزی رومانوی کردار نبھاتا نظر آئے گا، فلم کی کاسٹ کو اتنا یقین ہے کہ فلم بینوں کو فلم اور ہمارے کردار بےحد پسند آئیں گے۔

حریم فاروق کے مطابق فلم بینوں کو فلم میں رومانس اور کامیڈی سب دیکھنے کو ملے گی، یہ نئی کہانی نئے کرداروں پر مبنی ہے۔

فیشن اینڈ شوبز سے مزید