سوشل میڈیا جب سے آیاہے نت نئے ٹرینڈز اور چیلنجز سامنے آتے رہتے ہیں جیسے کہ ڈائٹ چیلنج، آئس بکٹ چیلنج، کی کی ڈانس چیلنج وغیرہ۔ ان چیلنجز میں عام لوگوں سے لے کر فلمی ستاروں اور مشہور شخصیات بھی حصہ لیتی ہیں۔ان فلمی ستاروں میں صرف ہالی ووڈ یا بالی ووڈ کے ہی نہیں بلکہ ہمارے لالی ووڈ کے نامور ستارے بھی شامل ہیں، جو چیلنج کو پورا کرنے میں اپنا کمال دکھاتے ہیں۔ آجکل نئی بوتل کا ڈھکن کھولنے کا چیلنج سوشل میڈیا پر سب فالو کررہے ہیں۔ اگرآپ سوشل میڈیا پر فعال رہتے ہیں تو آپ کو bottlecapchallage# ضرور نظر آیا ہوگا، جس میں لوگ بوتل کا ڈھکن ہاتھ سے کھولنے کے بجائے پیر سے کھول رہے ہیں اور ایک دوسرے کو چیلنج کررہے ہیں کہ اگر دم ہے تو ڈھکن کھول کر دکھاؤ!
اس چیلنج کا آغاز دراصل مارشل آرٹ کے ماہر فنکار فرابی ڈیولیچن نے انسٹا گرام پر اپنی ویڈیو اَپ لوڈ کرکے کیا تھا، جس میں انہوں نے کِک مار کر ڈھکن کھولنے کا کرتب دکھایا تھا۔ فرابی نے اپنے اس کرتب کو farakickschallenge# کا نام دیا تھا۔ فرابی نے مارشل آرٹ کے ماہر اپنے امریکی دوست میکس ہالورے کے ساتھ اپنا یہ چیلنج شیئر کیا، جسے میکس نے قبول کیا اور اسے اپنا کر اپنے دوستوں کو یہ چیلنج پورا کرنے کو کہا۔ یہ چیلنج شاید ہم تک نہ پہنچتا اگر ہالی ووڈ اداکار جیسن اسٹیتھم ( ٹرانسپورٹرز فلم سیریز کے ہیرو) یہ کرتب نہ کرتے۔ جیسن نے جب اپنے پرستاروں کے ساتھ اپنی ویڈیو شیئر کی تو ان کے پرستار بھی اس چیلنج کو فالو کرنے لگے۔ جیسن اسٹیتھم کو یہ چیلنج امریکی گلوکار جان میئر سے ملا تھا، جنہوں نے خود بھی اپنے اس چیلنج کی ویڈیو انسٹا گرام پر شیئر کی تھی ۔
مہوش حیات کا چیلنج قبول کرنا
اس چیلنج کو رواں سال تمغہ امتیاز حاصل کرنے والی پاکستان کی نامور اداکارہ مہوش حیات نے بھی قبول کیا اور اس دوڑ میں کئی پاکستانیوں کو پیچھے چھوڑ دیا۔ انہوں نے کمال خوبی سے بیک کک کے ذریعے بوتل کا ڈھکن کھولا اور اس کی ویڈیو کو سوشل میڈیا پر شیئر کیا۔ ان کے چیلنج کی ویڈیو آپ سوشل میڈیا پر سلوموشن میں دیکھ سکتے ہیں۔ چیلنج پورا کرنے بعد کی خوشی ان کے چہرے پر بخوبی دیکھی جاسکتی ہے۔
چیلنج منفرد انداز میں کرنا
اس چیلنج کا ٹرینڈجب عام ہونے لگا تو سبھی اس کو پورا کرنے کی دوڑ میں لگ گئے اور کئی ایک نے اسے منفرد انداز میں کرنے کی کوشش کی۔ ہانگ کانگ کے مشہور اداکار ڈونی ین (آئی پی مین فلم سیریز کے ہیرو) نے تو یہ چیلنج آنکھوں پر پٹی باند ھ کر پورا کیا۔ ہالی ووڈکے مشہور اداکار ریان رونالڈ ز نے بھی اس چیلنج کو پورا کرنے کی ناکام کوشش کی، انہوں نے ڈھکن پر کک مارنے کے بجائے بوتل پر مار دی اور شرمندہ ہو کر دوسرے دروازے سے باہرنکل گئے۔ سوشل میڈیا پر ان کی اس مزاحیہ ویڈیو سے لاکھوں لوگ محظوظ ہوئے۔
بالی ووڈ اور ڈھکن کھولو چیلنج
یہ چیلنج جب بالی ووڈ پہنچا تواسے انجام دینے والوں میں اکشے کمار سرفہرست تھے۔ ان کی ماری ہوئی کِک سے بوتل کا ڈھکن کافی دور جا گرا اور اکشے نے ثابت کردیا کہ وہ واقعی عام زندگی میں بھی کھلاڑیوں کے کھلاڑی ہیں۔ نوجوان نسل کے ایکشن ہیرو ٹائیگر شیروف نے اداکار ڈونی ین سے متاثر ہو کر یہ چیلنج پورا کیا یعنی اپنی آنکھوں پر پٹی باندھ کریہ چیلنج پورا کیا۔
اداکار کنال کھیمو نے تو کمال ہی کردیا، انہوں نے کک مارنے کے بجائے اپنے ہاتھ سے بوتل کا ڈھکن کھولا اور مزے سے پانی کی بوتل کو منہ سے لگایا اور مسکراتے ہوئے چلے گئے۔ ان کا کہنا تھاکہ جب ہاتھ سے کام بن جاتا ہے تو ضروری ہے کہ ہر کام میں ٹانگ اُڑائی جائے۔
سلمان خان کا چیلنج اور سوشل میسیج
سلمان خان تو کُنال سے بھی دو ہاتھ آگے نکلے ، لگتا تو یہی تھا کہ سلمان خان شاید بوتل ہی توڑ دیں۔ جم میں ایکسرسائز کرتے سلمان خان کے سامنے جب پانی کی بوتل لائی گئی تو انہوں نے گھوم کر ڈھکن پر پھونک مار کر اسے گرادیا اور پھر بوتل لے کر غٹا غٹ پانی پی گئے۔ ان سے اسی قسم کے ایکشن کی توقع تھی۔ سلمان خان نے اس ویڈیو میں پیغا م دیا کہ ’’ خود کو مت تھکائو بلکہ پانی بچائو !‘‘۔
عام لوگوں کی دلچسپی
جس طرح ’کی کی ڈانس چیلنج‘ میں ہر کوئی چلتی گاڑی سے اتر کر ڈانس کرکے واپس گاڑی میں بیٹھ جاتاتھا، اسی طرح مختلف ممالک کے لوگ بھی اس چیلنج کو مختلف طریقوں سے انجام دینے لگے۔ سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو سامنے آئی جس میں کچن میں موجود ایک خاتون نے اپنی چپل مار کر کیچپ کی بوتل کا ڈھکن کھولا اور دیکھنے والوں کو ششدر کردیا۔ انھوں نے یہ ثابت کیا کہ ماں کی چپل صرف کھانے کیلئے نہیں ہوتی بلکہ یہ کھانے والے کیچپ کی بوتل کا ڈھکن بھی کھول دیتی ہے۔ ایک صاحب نے غلیل کے ذریعے بیٹھے بیٹھے غلیل سے پتھر مار کر بوتل کا ڈھکن کھولا اور اس چیلنج کو انجام دے کر پھولے نہ سمائے۔