وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی زلفی بخاری اور امریکی صدر کی صاحبزادی اور مشیر خاص ایوانکا ٹرمپ کی ملاقات ہوئی ہے۔
وزیراعظم کے دورہ امریکا کے بعد پاک امریکا بین الوزارتی رابطوں میں تیزی آگئی ہے،اسی سلسلے میں زلفی بخاری اور ایوانکا ٹرمپ میں ملاقات ہوئی۔
ملاقات کے بارے میں زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون شروع کرنے پر اتفاق ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایوانکا ٹرمپ نے خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے پاکستان کو تعاون کی پیشکش کی ہے۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی نے مزید کہا کہ ایوانکا نے خواتین کی فلاح و بہبود کیلئے پاکستان میں منصوبے شروع کرنےکی خواہش کا اظہار بھی کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکی صدر کی صاحبزادی سے ملاقات میں روزگار کی فراہمی، ووکیشنل ٹریننگ، معاشی ترقی کے منصوبوں پر بھی غور کیا گیا۔
زلفی بخاری نے یہ بھی کہا کہ ایوانکا ٹرمپ سے ملاقات میں نوجوانوں کے لئے کاروباری مواقع کےفروغ پربھی تبادلہ خیال ہوا۔
انہوں نے کہا کہ پاک امریکا تعلقات درست سمت میں بڑھنا شروع ہوگئے ہیں،آئندہ چند ماہ میں دونوں ممالک کو سفارتی محاذ پر مزید کامیابیاں ملیں گی۔