• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لگتا ہے عرفان صدیقی کو ن لیگ نے گرفتار کروایا، اعجاز شاہ

وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے کہا ہے کہ لگتا ہے عرفان صدیقی کو ن لیگ نے گرفتار کروایا ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے اعجاز شاہ نے کہا کہ صحافی عرفان صدیقی کی گرفتاری تحریک انصاف یا عمران خان کے حق میں نہیں۔

انہوں نے کہا کہ مجھے لگتا ہے اس گرفتاری میں اپوزیشن جماعت مسلم لیگ ن کا ہاتھ ہے۔

وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ جس نے بھی عرفان صدیقی کو گرفتار کیا ہے اس نے عمران خان یا پی ٹی آئی کو کوئی فائدہ نہیں پہنچایا، یہ گرفتاری پی ٹی آئی کے حق میں نہیں گئی۔

واضح رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے مشیر عرفان صدیقی کو کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی پر گرفتار کرکے ہتھکڑی لگاکر عدالت میں پیش کیا گیا۔

عدالت نے عرفان صدیقی کو 14 روز کے جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھجوادیا ہے، تاہم ان کے وکیل نے ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست دائر کردی، جس پر سماعت پیر کو ہوگی۔

اس سے قبل وزیرداخلہ نے ننکانہ صاحب میں ایک تقریب سےخطاب میں کہا تھا کہ جاتی امرا میں نواز شریف کے گھر کی چار دیواری 28 کروڑ روپے سے بنائی گئی۔

انہوں نے وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ نواز شریف قوم کے پیسے واپس کردیں نہیں تو دیوار گرادی جائے گی۔

تازہ ترین