اسلام آباد (نمائندہ جنگ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران صاحب کی نالائقی اور نااہلی کی وجہ سے گزشتہ 11 ماہ میں ملکی قرضوں میں چھ ہزار ارب روپے کا اضافہ ہوا، پچھلے ایک سال میں ملکی قرض میں 25 فیصد اضافہ ہوا جو 35 سال میں سب سے بڑا اضافہ ہے۔ پیر کو وزیراعظم کے بیان پر ردعمل میں انہوں نے کہاکہ عمران صاحب کب بتائیں گے کہ مہنگائی واپس تین فیصد ہو گی؟ ترقی کی شرح دوبارہ چھ فیصد کب ہو گی؟ ایک کروڑ نوکریاںاور پچاس لاکھ گھر کب ملیں گے؟ روٹی کب سستی ہو گی؟ صنعت اور کاروبار کب چلے گا؟ عمران صاحب بتائیں گے کہ ملک آئی ایم ایف کے قبضے سے کب نجات پائے گا؟ عمران صاحب قرضوں کی وصولی کی تحقیقات کو 2000 سے لے کر 2019 تک کب بڑھائیں گے؟ عمران صاحب تحقیقات کریں اور اپنی نالائقی اور نااہلی کے 11ماہ بھی شامل کریں۔