کوئٹہ ( نمائندہ جنگ)کوئٹہ میں سٹی تھانے کے سامنے پولیس کی گاڑی پر بم حملے کے نتیجے میں پانچ افراد شہید جبکہ ایڈیشنل ایس ایچ او سٹی سمیت 32افراد زخمی ہو گئے‘ ‘پولیس کی گاڑی سمیت دو گاڑیاں تباہ‘ متعدد موٹر سائیکلوں اور قریبی عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا ‘ اسپتالوں میں ایمر جنسی نافذ ‘سات زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے‘پولیس وین کو میکانگی کراس پر نشانہ بنایاگیا‘بم موٹرسائیکل میں نصب کیا تھا جسے ریموٹ کنٹرول سے اڑایا گیا‘ بازار میں بھگڈر مچ گئی‘ لوگ اپنے پیاروں کو تلاش کرتے رہے‘ پولیس کے مطابق ایڈیشنل ایس ایچ او شفاعت مرزا دیگر اہلکاروں کے ہمراہ گاڑی میں لیاقت بازار میکانگی کراس کے قریب کھڑے تھے کہ ان کی گاڑی پر بم حملہ ہو گیا جس کے نتیجے میں پانچ افراد موقع پرہی شہید جبکہ ایڈیشنل ایس ایچ او شفاعت مرزااور تین اہلکاروںسمیت 32افراد شدید زخمی ہو گئے‘ شہر میں سخت خوف وہراس پھیل گیا اور بازار و مارکیٹیں بند ہوگئیں ۔ دھماکا اتنا شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی ۔بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق نامعلوم افراد نے بم موٹرسائیکل میں نصب کیا تھا جسے ریموٹ کنٹرول کے ذرائع اڑا یا گیا ۔